انڈر 19 کرکٹ ورلڈ کپ، پاکستان ٹیم جنوبی افریقہ پہنچ گئی
لاہور(نمائندہ سپورٹس )آئی سی سی انڈر 19 ورلڈ کپ کیلئے پاکستان کرکٹ ٹیم جنوبی افریقہ پہنچ گئی۔ ورلڈ کپ 17 جنوری سے جنوبی افریقہ میں شروع ہوگا جس میں 16 مختلف ممالک کی ٹیمیں ٹائٹل کے حصول کیلئے پنجہ آزمائی کریں گی۔ پاکستان کو گروپ سی میں بنگلہ دیش، سکاٹ لینڈ اور زمبابوے کیساتھ شامل کیا گیا ہے۔ دو مرتبہ کی عالمی چیمپئن پاکستان پہلا میچ سکاٹ لینڈ کیخلاف 19 جنوری کوکھیلے گی۔ ایونٹ میں 48 میچز کھیلے جائیں گے۔ میگا ایونٹ کا فائنل میچ 9 فروری کو کھیلا جائیگا۔ پاکستان ٹیم دوسرا میچ 22جنوری کو زمبابوے اور آخری میچ بنگلہ دیش کیخلاف 24 جنوری کو مد مقابل ہوگی۔ ہر گروپ سے دو بہترین ٹیمیں سپر لیگ مرحلے تک رسائی حاصل کریں گی جبکہ باقی تمام ٹیمیں پلیٹ چیمپئن شپ کیلئے نبردآزمائی کریں گی۔ سپر لیگ مرحلے کا آغاز 28 جنوری سے شروع ہوگا۔ سپر لیگ مرحلے کے اختتام پر 4 ٹاپ ٹیمیں سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کریں گی۔ دو فائنلسٹ ٹیموں کے درمیان فائنل معرکہ 9 فروری کو ہوگا۔ پاکستان ٹیم دو مرتبہ ٹائٹل اپنے نام کر چکی ہے۔ پاکستان ٹیم اس سے قبل 2004ء میں بنگلہ دیش اور 2006ء میں سری لنکا میں انڈر 19 ورلڈ کپ ٹائٹلز جیت چکی ہے‘ 3 ایڈیشنز میں رنر اپ بھی رہ چکی ہے۔