بحرانوں پر قابو پا کر پاکستان اگلے دس برس میں تیز معاشی ترقی کے حامل ممالک میں شامل ہوجائیگا: گورنر سندھ
کراچی (سٹاف رپورٹر) گورنر سندھ محمد زبیر نے کہا ہے کہ امن و امان اور توانائی بحران پر قابو پانے کے بعد پاکستان اگلے دس سال میں تیزی سے معاشی ترقی کرنے والے ممالک میں شامل ہو جائے گا۔ انہوں نے اتوار کو غیر ملکی صحافیوں کے 4 رکنی وفد سے ملاقات کے دوران کیا۔ وفد میں گارڈین کے فارن ایڈیٹر پیٹرک ونٹور، اسپیکٹیٹر کے ڈپٹی ایڈیٹر فریڈی گرے، ڈیلی ٹیلی گراف کے ماسکو میں نمائندے رونالڈ اولی فینٹ اور اسلام آباد میں اے ایف پی کی بیورو چیف سارہ نکول ٹیٹرٹن شامل تھے۔ انہوں نے کہا کہ 2013 میں پاکستان کی سیکیورٹی کی صورتحال اس قدر خراب تھی کہ کوئی غیر ملکی ایک دن کے دورے پر بھی یہاں آنے کے لئے تیار نہیں تھا اور ہمیں ان سے تجارتی اور اقتصادی اجلاسوں کے لئے دبئی جانا پڑتا تھا۔ انہوں نے کہا کہ 2013 میں توانائی بحران اس قدر شدید تھا کہ ملک میں بلیک آؤٹ کا خطرہ پیدا ہو گیا تھا۔ یہ دونوں انتہائی بڑے چیلنج تھے جنہیں حکومت نے قبول کیا اور ان دونوں مسائل کو حل کر لیا گیا ہے۔ دریں اثناء گورنر سندھ محمد زبیر سے نیویارک کے خیر سگالی سفیر انجینئر آغا محمد صالح نے اتوار کوگورنر ہاؤس میں ملاقا ت کی۔ ملاقات میں پاکستان کے مغربی ممالک سے دوطرفہ تعلقات، سی پیک اور اس کے قومی معیشت پر اثرات، جاری ملکی سیاسی صورتحال اور تنازعات سمیت اہمیت کے حامل دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ گورنر سندھ نے کہا کہ بیرون ملک پاکستانیوں پر یہ بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ ملک کے مفادات کے تحفظ کے ساتھ ساتھ اس کے بارے میں پھیلایا جانے والے حقائق کے برعکس تاثر کے خاتمہ کے لئے ہر ممکن کوششیں کریں۔