پاکستانی نوجوان ذہانت کے اعتبار سے دوسرے ممالک سے کم نہیں:گورنر
لاہور(خسوصی رپورٹر)گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا ہے کہ پاکستانی نوجوان قابلیت ، اہلیت اور ذہانت کے اعتبار سے کسی دوسرے ممالک کے طلبا ء سے کم نہیں ۔ بین الاقوامی سطح پر ہونے والے مقابلوں میں ہمیشہ پاکستانی نوجوانوں نے اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے ۔یہ بات اُنہوں نے آج یہاں گورنر ہائوس لاہور میں کیمبرج یونیورسٹی انٹر نیشنل امتحانات 2018 ء میں ٹاپ کرنے والی پاک ترک سکول کی پاکستانی طالبہ ماہین مسعود اور تھائی لینڈ ورلڈ میتھ میں دوسری اور تیسری پوزیشن حاصل کرنے والے طالبعلم جعفر،حلیم اور شاہ زیب سے ملاقات کے دوران کی ۔ اس موقع پر بیگم گورنر پنجاب پروین سرور، طالبہ ماہین مسعود کے والد ، والدہ اور ٹیچرز بھی موجود تھیں ۔ قبل ازیں، گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور سے گورنر ہائوس لاہور میں لاہور کالج برائے خواتین یونیورسٹی کی وائس چانسلر ڈاکٹر فرخندہ منظور نے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران وائس چانسلر ڈاکٹر فرخندہ منظور نے گورنر پنجاب کو یونیورسٹی میں جاری تعلیمی سرگرمیوں اور ترقیاتی کاموں کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔