بغیر انجن مال گاڑی آندھی سے چل پڑی فرید ایکسپریس سے ٹکر، 3 مسافر زخمی
ملتان (نمائندہ خصوصی) بغیر انجن اسٹیشن پر کھڑی مال گاڑی آندھی کے باعث چل پڑی اور عارف والا ریلوے اسٹیشن پر داخل ہوتی فرید ایکسپریس کی بوگی سے جا ٹکرائی حادثے میں 3 مسافر معمولی زخمی ہو گئے۔ تفصیل کے مطابق گزشتہ روز شام 4 بجے کے قریب کراچی سے لاہور جانے والی فرید ایکسپریس عارف والا اسٹیشن کی لائن نمبر ایک پر جا رہی تھی اسی اثناء میں تیز آندھی چل پڑی جس کی وجہ سے لائن نمبر 2 پر موجود 15 بوگیوں پر مشتمل خالی مال گاڑی چل پڑی اور اس کانٹے تک پہنچ گئی جس سے 9 بوگیوں پر مشتمل فرید ایکسپریس کی بوگی نمبر 8 گزر رہی تھی مال گاڑی کے ڈبے بوگی نمبر 8 میں آ کر لگے جس سے نہ صرف بوگی کی کھڑکی کے شیشے ٹوٹ گئے بلکہ بوگی میں سوار 3 مسافر بھی معمولی زخمی ہو گئے مال گاڑی ٹکرانے کے بعد پیچھے کو ہٹ گئی جس کے بعد بوگی نمبر 9 خیریت سے گزر گئی زخمی مسافروں کو عارف والا سٹیشن پر ابتدائی طبی امداد دی گئی جبکہ حادثہ کا شکار بوگی کی جزوی مرمت کر کے ٹرین کو 40 منٹ کی تاخیر سے روانہ کردیا گیا۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی قائم مقام ڈی ایس و ڈائریکٹر ویجی لینس سیل صائمہ بشیر نے اسٹیشن ماسٹر عارف والا ایم کے صدیقی کو معطل کر کے ڈویژنل ٹرانسپورٹیشن و ڈویژنل کمرشل آفیسر طاہر مسعود مروت‘ ڈویژنل مکینیکل انجینئر شہزاد جاوید‘ اور ڈویژنل سگنل انجینئر میاں عامر مسعود پر مشتمل انکوائری کمیٹی تشکیل دے کر تحقیقات کے لئے عارف والا بھجوا دیا۔