پانامہ لیکس : وزیراعظم انکے خاندان اور دیگر سیاستدانوں کی نااہلی کیلئے درخواست تفصیلات ریکارڈ پر لائی جائیں : ہائیکورٹ
لاہور (وقائع نگار خصوصی) لاہور ہائیکورٹ نے پانامہ لیکس کی روشنی میں منی لانڈرنگ اور اثاثے چھپانے پر وزیراعظم میاں نواز شریف، حسین نواز، حسن نواز اور مریم نواز سمیت دیگر سیاست دانوں کی نااہلی کےلئے دائر درخواست پر فریقین کے وکلاءکو تفصیلات ریکارڈ پر لانے کی ہدایت کرتے ہوئے سماعت 14 اپریل تک ملتوی کردی۔ جسٹس شاہد وحید نے کیس کی سماعت کی۔ تحریک انصاف کے رہنما گوہر نواز سندھو نے موقف اختیارکیا کہ وزیراعظم، ان کے بیٹوں اور بیٹی نے اثاثے چھپائے۔ غیر قانونی طور پر رقم بیرون ملک منتقل کی اور قوم سے غلط بیانی کی۔ نواز شریف کا دو آف شور کمپنیوں میں براہ راست نام آگیا ہے۔ ثمروز اور چندرم جرسی نامی کمپنیوں میں وزیر اعظم کے بے نامی اکاﺅنٹس موجود ہیں۔ وزیر اعظم نے ذاتی حیثیت میں یہ اقدام کیا لہذا انہیں نااہل قرار دیا جائے۔ تحریک انصاف کے رہنما نے پانامہ لیکس کی شفاف تحقیقات کےلیے احکامات جاری کرنےکی استدعا بھی کی۔
پانامہ لیکس / تفصیلات