پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی نہ کرنے پر وفاق سے جواب طلب
لاہور (وقائع نگار خصوصی) لاہور ہائیکورٹ نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی نہ کرنے اور اضافی سیلز ٹیکس کی وصولی کے خلاف درخواست پر وفاقی حکومت سے جواب طلب کر لیا۔ لاہور ہائیکورٹ نے کیس کی سماعت کی. درخواست گزار جوڈیشل ایکٹیوازم پینل کے وکیل محمد اظہر صدیق نے کہا کہ دنیا بھر میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی ہو ئی ہے لیکن پاکستان میں پیٹرولیم مصنوعات میں عالمی منڈی کے حساب سے کمی نہیں کی گئی۔ انہوں نے موقف اختیار کیا کہ حکومت پیٹرولیم مصنوعات پر 17فیصد کی بجائے غیر قانونی طور پر32 فیصد سیلز ٹیکس وصول کررہی ہے اور قانون کے تحت حکومت کو اس کا اختیار نہیں ہے۔ انہوں نے عدالت سے استدعا کی کہ پیٹرولیم مصنوعات پر اضافی سیلز کی وصولی کو کالعدم قرار دیا جائے اور پیٹرولیم منصوعات کی قیمتیں عالمی منڈی کے برابر لائی جائیں۔ جس پر عدالت نے وفاقی حکومت اور دیگر فریقین کو نو دسمبر کے لئے نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا۔