نئی حکمت عملی سے موٹر وے پولیس کی کارکردگی میں اضافہ
اسلام آباد(نیوز رپورٹر)انسپکٹر جنرل نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹرویز پولیس ڈاکٹر سید کلیم امام کی نئی حکمت عملی سے نیشنل ہائی ویز اور موٹر وے پولیس کی کارکردگی میں نما یاں اضافہ دیکھا گیا ہے۔ نئی حکمت عملی میں موٹرویز اور قومی شاہراہوں پر مخصوص اوقات میں خصوصی پیٹرولنگ کرنا، مخصوص علاقوں میں عوام میں روڈ سیفٹی شعور اجا گر کرنے کے لئے خصوصی روڈ سیفٹی بیداری مہم خصوصی ٹیموں کا قیام اور شاہراہوں اور موٹر ویز پر روڈ سیفٹی آلات کی بروقت اور آسانی سے دستیابی شامل ہے۔ موٹروے پولیس نے 2020 کے مقابلے میں 2021 کے پہلے چار ماہ میں قانون کی یکساں نفاذ میں 81 فیصد اضافہ کرکے بہترین سروس مہیا کرنے میں ایک اور نمایاں کامیابی حاصل کی ہے۔ اس عرصے کے دوران نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹر وے پولیس کے ٹریفک قوانین کے یکساں نفاذ کی وجہ سے جرمانے میں اضافہ ہوا ہے گذشتہ سال جمع ہونے والے 1.2 ارب کے مقابلہ می2.1 ارب روپے کے ساتھ 78 فیصد اضافہ دیکھا گیا ہے۔ مہلک اور غیر مہلک حادثات میں بھی نمایاں کمی واقع ہوئی ہے۔سال 2020 میں 138 مہلک حادثات کے مقابلے میں سال 2021 میں 19 فی صد کمی کے ساتھ 112 حادثات ہوئے۔اسی طرح سال2020 میں 251 غیر مہلک حادثات کے تناظر میں سال 2021 میں 63 فی صد کی کمی کے ساتھ صرف 93 حادثات رونما ہوئے۔حادثات کی وجہ سے شرح اموات میں بھی 23 فیصد اور زخمیوں کی تعداد میں پچاس فیصد کمی واقع ہوئی ہے۔موٹر وے پولیس کے نئی حکمت عملی اور موثر پٹرولنگ کے تحت موٹر ویز اور قومی شاہراہوں پر جرائم کی شرح میں 54فی صد کمی دیکھنے میں آئی ہے۔ اس سال 2020 کے مقابلہ میں مسافروں کی امداد میں 74 فیصد اضافہ دیکھا گیا ہے۔اس سال نیشنل ہائی ویز اور موٹر ویز پولیس کے مختلف اقدامات کے سبب سپاہ کی جانب سے گڈ ورک کے زمرے میں 82 فیصد اضافہ دیکھا ہے۔نیشنل ہائی ویز اور موٹر ویز پولیس کی جانب سے روڈ سیفٹی آگاہی مہم ایک کلیدی کردار ادا کررہی ہے اور اس سال پچھلے سال کی نسبت 90 فیصد زیادہ ر وڈ سیفٹی سے متعلق آگاہی مہمات کا انعقاد کیا گیا۔