اقتصادی تعاون تنظیم کا سربراہی اجلاس آج ایران میں ہو رہا ہے، پاکستان کی نمائندگی صدر مملکت آصف علی زرداری کریں گے
سربراہ اجلاس میں تنظیم کے رکن ممالک پاکستان، ایران، افغانستان، آذربائیجان، قازقستان، کرغزستان، تاجکستان، ترکی، ترکمانستان اور ازبکسستان شریک ہوں گے۔ اس سے پہلے صدر مملکت کی ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ خامنائی کے ساتھ ملاقات ہوئی جس میں دونوں ممالک کے مابین مختلف شعبوں میں تعاون، خطے کی صورتحال اور دہشتگردی کی روک تھام کے امور زیر غورآئے۔ صدر زرداری کی افغان صدر حامد کرزئی سے ہونے والی ملاقات میں شدت پسندی کے خلاف جنگ خصوصی طورپرزیربحث آئی۔ دونوں صدور نے شدت پسندی کے خاتمے کے لئے مستقبل میں بھی تعاون جاری رکھنے پراتفاق کیا۔ اس کے بعد صدر آصف زرداری اور ایرانی صدر محمود احمدی نژاد کے درمیان ملاقات ہوئی۔ جس میں دونوں برادرملکوں کے صدور نے گیس پائپ لائن منصوبے پر تفصیلی بات چیت کی۔ اس کے علاوہ سرحدی سلامتی اور بلوچستان کو ایران سے بجلی کی فراہمی کے معاملات بھی زیر غور آئے۔ اس سے پہلے صدر آصف علی زرداری ایران پہنچنے تو ایران کے نائب صدر پرویز داؤدی اور وزیر داخلہ نے ان کا استقبال کیا۔ صدر آصف علی زرداری کو گارڈ آف آنر بھی پیش کیا گیا۔