نظریاتی سمر سکول کے 24ویں روز سپورٹس ڈے منایا گیا
لاہور (نیوز رپورٹر) نظریۂ پاکستان ٹرسٹ کے زیراہتمام طلباء کی نظریاتی ، تعلیمی و اخلاقی استعدادِکار میں اضافہ کی غرض سے ایوان کارکنان تحریک پاکستان‘ لاہورمیں جاری نظریاتی سمر سکول کے 19ویں سالانہ تعلیمی سیشن کے چوبیسویں روز ’’ سپورٹس ڈے‘‘منایا گیا۔ اس موقع پر طلبا و طالبات کے درمیان کرکٹ اور کراٹے سمیت مختلف کھیلوں کے مقابلے منعقد ہوئے جن میں بچوں نے بڑھ چڑھ کرحصہ لیا۔سابق چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ خالد محمود نے اس موقع پر طلبہ سے گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ صحت مند قوم بنانے کیلئے غیر نصابی سرگرمیوں کا فروغ بہت ضروری ہے۔ تمام سکولوں میں کھیلوں کے مقابلے باقاعدگی سے منعقد کروائے جائیں۔ اُنہوں نے کہا طالب علموں کا اولین فرض یہی ہے کہ وہ اپنی تمام تر توجہ حصول تعلیم پر دیں ۔ غیر نصابی سرگرمیاں طلبہ کی دماغی صلاحیتوں کو جِلا بخشتی ہیں۔ ممتاز صنعتکار ایم یاور عرفان نے کہا کہ انسانی زندگی کیلئے کھیل بہت ضروری ہے‘ یہ جسم کو صحت مندتوانا رکھتا ہے۔ حصولِ تعلیم کے بعد آپ نے مختلف شعبوں میں جاکر وطن عزیز کی خدمت کرنی ہے ۔