ملک میں سیاسی غلامی کا سیاہ باب ختم ہونے کو ہے: حافظ سعید
لا ہور (سپیشل رپورٹر) امیر جماعۃ الدعوۃ حافظ محمد سعید نے کہا ہے کہ ملک میں سیاسی غلامی کا سیاہ باب ختم ہونے کو ہے۔ ملی مسلم لیگ عوام میں شعور بیدار کر کے دفاع پاکستان کی زبردست تحریک کھڑی کرے گی۔ پاکستانی قوم نظریہ پاکستان کا تحفظ اور خدمت انسانیت کرنے والوں کو ووٹ دے گی۔ ملی مسلم لیگ کا پیغام گھر گھر پہنچ رہا ہے۔ اس وقت مقابلہ ملک کی حفاظت کرنے اور ملکی مفادات کا سودا کرنے والوں کے درمیان ہے۔ ہم رب کی مدد سے میدان میں آ چکے ہیں۔ ہم نے پاکستان کا الیکشن لڑنا اور دشمنوں کی سازشیں ناکام بنانا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے این اے 91 کے علاقہ مین دھریمہ سٹاپ میں ملی مسلم لیگ کی حمایت یافتہ اللہ اکبر تحریک کے نامزد امیدوار حافظ طلحہ سعید کے انتخابی جلسے میں شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر اللہ اکبر تحریک کے این اے 90 کے امیدوار رائے منیر کھرل، پی پی 76 کے امیدوار چوہدری معظم علی گورائیہ، دفاع پاکستان کونسل کے مرکزی رہنما حافظ عبدالرحمن مکی،حافظ مسعود کمال الدین، حافظ تنویر الرحمن، محمد ادریس ودیگر نے خطاب کیا۔ جلسے سے قبل حافظ محمد سعید ایک بڑے قافلے کی صورت میں دھریمہ مین سٹاپ پر پہنچے، موٹر سائیکلوں اور گاڑیوں کا ایک بڑا قافلہ ان کے ہمراہ تھا۔ حافظ محمد سعید ودیگر رہنمائوں کا زبردست استقبال کیا گیا اور پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں۔ شرکاء نے ہاتھوں میں ملی مسلم لیگ کے پرچم اٹھا رکھے تھے۔ دھریمہ سٹاپ سے حافظ محمد سعید کا قافلہ معروف سماجی شخصیت میاں سرفراز خان نگیانہ کے ڈیرے پر پہنچا جہاں سے سینکڑوں موٹرسائیکلوں و گاڑیوں پر سوار مشتمل یہ قافلہ 91 شمالی سے ہوتا ہوا 85 چک شمالی جلسہ گاہ میں پہنچا۔ اس موقع پر مقامی سیاسی و سماجی رہنمائوں نے ملی مسلم لیگ کے امیدواروں کی بھر پور حمایت کا اعلان کیا۔ دفاع پاکستان کونسل اور جماعۃالدعوۃ کے مرکزی رہنما پروفیسر حافظ عبدالرحمن مکی نے کہاکہ میرے وطن کاکوئی باسی اب مس یوز نہیں ہوگا۔ آج پاکستان کی عوام پاکستان کے محافظوں کو ووٹ دے گی 85 چک شمالی کی عوام غیر نہیں ہے۔ جو ہماری طرف ابھی نہیں آئے ان کو میں اپنے ساتھ لے آؤں گا۔ میں آج اپنے علاقے میں حافظ محمد سعید کو لیکر آیا ہوں۔ 85 چک والوں سے گزارش ہے کہ آج ان کو خالی ہاتھ نہیں لوٹانا، آج کا مسئلہ کسی سیاسی پارٹی کا نہیں بلکہ دفاع پاکستان اور استحکام پاکستان کا ہے۔