عمران بتائیں اربوں کا چندہ کہاں خرچ کیا گیا: پرویز رشید
راولپنڈی(اے پی پی) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات پرویز رشید نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے دو سالہ دور میں ملک کی اقتصادی ترقی میں قابل قدر کامیابیاں حاصل کی ہیں اقوام عالم میں پاکستان کی اقتصادی ترقی کو سراہا جا رہا ہے جس کا ثبوت یہ ہے کہ شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس میں پاکستان کو خصوصی اہمیت دی گئی، یہ موجودہ حکومت کی کامیاب ترین خارجہ پالیسی کی مرہون منت ہے کہ دنیا کے تمام چھوٹے بڑے ممالک پاکستان کو ساتھی بنانا چاہتے ہیں، پاکستان کی اقتصادی صلاحیت نے گزشتہ دو برس میں انتہائی تیزی سے ترقی کی۔ مسلم لیگ کی حکومت نے ملک کے دیگرحصوں کی طرح راولپنڈی میں بھی میگا پراجیکٹ دیئے یہی وجہ ہے کہ جڑواں شہروں کے شہریوں کو میٹر و بس کی بدولت ڈیڑھ گھنٹے کا سفر پچیس منٹ میں طے کرنے کی سہولت میسر آئی۔ مستقبل میں ملک کے تمام بڑے شہروں میں عوام کو میٹرو بس سروس کی سہولت فراہم کرنے کیلئے پر عزم ہیں۔ راولپنڈی پریس کلب میں صحافیوں کے اعزاز میں دی گئی سحری کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیر اطلاعات نے کہا کہ بد خواہ حکومت کو بدنام کرنے کا کوئی موقع ہاتھ سے جانے نہیں دیتے تاہم تمام تر مشکلات کے با وجود حکومت نے ترقی کا سفر جاری رکھا اور دو برس میں اپنی کارکردگی کے ثمرات عوام تک پہنچائے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو کبھی بلا جواز اعتراضات اور کبھی دھرنوں اور احتجاج کے ذریعے عوامی فلاح سے روکنے کی ناکام کوششیں کی گئیں تاہم وزیر اعظم محمد نوز شریف کی قیادت میں ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔ عمران خان نے انتخابات کی غیر شفافیت کے الزامات عائد کرنے کے ساتھ ساتھ دھرنے کے ذریعے عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش کی تاہم ان کی سیاست کی بنیاد حقائق پر مبنی نہیں تھی جس کی وجہ سے انھیں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا، عمران خان نے 35 پنکچر کے بے سروپا الزامات لگائے لیکن ان کی حقیقت بھی بے نقاب ہوئی۔ عمران خان نے سابق چیف جسٹس سپریم کورٹ پر بھی الزام تراشی کی لیکن اس میں بھی انھیں خفت اٹھانا پڑی۔ دوسری جانب نجم سیٹھی نے ان پر ہرجانے کا دعویٰ کر کھا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ اب عمران خان عدالتوں کا رخ کرنے سے کتراتے ہیں۔ عمران خان کی سیاست جھوٹ پر مبنی ہے جس کی وجہ سے انھیں ناکامی کا سامنا کرنا پڑتا ہے جبکہ مسلم لیگ (ن) کی سیاست سچائی کی بنیاد پر قائم ہے اور اسے کامیابیاں مل رہی ہیں۔ عمران خان نے عوام کو گمراہ کرتے ہوئے یہ بتایا تھا کہ انہوں نے اربوں روپے کا چندہ جمع کیا ہے، اب عوام کو بتایا جائے کہ وہ چندہ کہاں خرچ کیا گیا۔
پرویز رشید