سینٹ کی قائمہ کمیٹی کامرس کا اجلاس، ٹریڈ پالیسی پر عدم اطمینان کا اظہار
اسلام آباد(نمائندہ خصوصی) سینٹ کی قائمہ کمیٹی برائے کامرس کا اجلاس سینیٹر شبلی فراز کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں ٹی ڈی اے پی کی کار کردگی ،کام کے طریقہ کار اور دیگر اہم پہلوئوں کا جائزہ لیا گیا۔ٹریڈ پالیسی پر عدم اطمنیان کا اظہار کرتے ہوئے سینیٹر شبلی فراز نے کہا ٹریڈ پالیسی حقائق پر مبنی نہیں۔ ٹریڈ پالیسی کے اجراء میں تاخیر باعث تشویش ہے ۔اگلے اجلاس میں وزیر تجارت سے بعض اہم چیزوں پر وضاحت لی جائیگی۔ ہماری ایکسپورٹس نیچے جا رہی ہیں۔ ٹھوس اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔ کمیٹی کو بتایا گیا کہ بورڈ کی تعداد کو بڑھانے کیلئے پرائیویٹ سیکٹر سے 4مزید ار کان بھی شامل کئے جائیں گے۔کمیٹی کو بورڈ کے اختیارات کے حوالے سے بھی آگاہ کیا گیا۔یہ تجویز دی گئی کہ بورڈ کو موثر طریقے سے اپنا کردار ادا کرنے کیلئے کمیٹیز بنانی چاہئیں۔کمیٹی نے اتفاق کیا کہ سٹیٹ لائف ایک اہم ادارہ ہے اور نجکاری کا فیصلہ سوچ سمجھ کر کرنا ہو گا۔