گندم کا پیداواری ہدف 25.413 ملین ٹن مقرر کردیا گیا
اسلام آباد(نامہ نگار)وفاقی وزیر برائے نیشنل فوڈ سیکورٹی اینڈ ریسرچ سکندرحیات بوسن نے کہا ہے کہ گندم، چاول اور گنے کی پیداوار کے اہداف حاصل کر لئے جبکہ آلو، ٹماٹر اور پیاز کی اچھی فصل حاصل ہوئی ہے۔ رواں سال کیلئے گندم کا پیداواری ہدف 25.413ملین ٹن مقرر کیا گیا ہے، گذشتہ دو سال کے دوران گندم کی اضافی پیداوار کے باعث رواں سال ملک کی مجموعی ضروریات سے وافر مقدار میں گندم موجود ہو گی۔ان خیالات کا اظہارانہوں نے منگل کو وفاقی کمیٹی برائے زراعت(ایف سی اے)کے اجلاس کے بعد اپنی وزارت میں پر یس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ2017-18 کیلئے 8.76ملین ایکڑ علاقہ سے 25.41ملین ٹن گندم کی پیداوار کا تخمینہ لگایا گیا جبکہ گذشتہ دو سال کے دوران گندم کی اضافی پیداوار کے باعث ایک ملین ٹن سے زائد گندم سٹاک میں موجود ہے جس سے مجموعی طور پر دستیاب گندم کی مقدار 26.41ملین ٹن ہے جو مجموعی قومی ضروریات سے زائد ہے۔ انہوں نے کہا کہ فصل خریف کے دوران نہروں میں 62.03ملین ایکڑ فٹ پانی موجود رہے گا جبکہ اس کیلئے پانی کی ضروریات 69.4ملین ایکڑ فٹ ہے۔