کوٹری‘ سرکاری ا راضی سے قبضہ ختم کرانے کیلئے کل سے آپریشن کافیصلہ
کوٹری(نامہ نگار) سپریم کورٹ کے احکامات پرضلع انتظامیہ جامشورو خواب غفلت سے جاگ اٹھی، سینکڑوں ایکڑ سرکاری اراضی سے قبضہ ختم کرانے کیلئے جمعرات سے آپریشن شروع کرنے کا فیصلہ،پولیس اور رینجرزکی مددسے مزاحمت کرنے والوں کو گرفتارکیا جائیگا۔ تفصیلات کے مطابق ڈپٹی کمشنرجامشورو فریدالدین مصطفی کی صدارت میں سپریم کورٹ کے احکامات پر سرکاری اراضی واگزار کرانے کیلئے ہنگامی اجلاس منعقد ہوا جس میں ایڈ یشنل ڈپٹی کمشنر جامشورو شاہذیب شیخ ،ایس پی ہیڈ کواٹر سوہائی عزیز تالپور،سیکریٹری سیہون ڈولپمینٹ اتھارٹی سلمان کھیڑو اشرف سہاگ کے علاوہ پولیس ،رینجرز ،روینیو اور بلدیاتی نمائندوں سمیت دیگر افسران نے شرکت کی۔اجلاس میں سپریم کورٹ کے احکامات پر عملدرآمد کرانے کیلئے حکمت عملی تیار کی گئی اور فیصلہ کیا گیا کہ تجاوزات کے خاتمے کیلئے کراچی سے بھاری مشینری منگوائی جائے گی آپریشن پولیس اور رینجرز کی موجودگی میں کیا جائیگااورقابضین کی جانب مزاحمت کی صورت میں انہیں گرفتار کرلیا جائیگا ۔اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ کسی بھی سیاسی دبائو کو قبول نہیںکریں گے اور سپریم کورٹ کے فیصلہ پر من وعن عملدرآمد کرایا جائیگا ۔
کوٹری/ آپریشن