لاہور میں متعدد وارداتیں‘ مانگٹانوالہ: مزاحمت پر محنت کش قتل
لاہور‘ موڑ کھنڈا (نمائندہ خصوصی‘ نامہ نگار) لاہور کے مختلف علاقوں میں متعدد وارداتوں کے دوارن شہری لاکھوں روپے مالیت کی نقدی، طلائی زیورات اور دیگر قیمتی اشیاء سے محروم ہوگئے ۔ مانگٹانوالہ میں ڈاکوؤں نے مزاحمت پر محنت کش کو مار ڈالا۔ تفصیلات کے مطابق ڈیفنس کے علاقہ میں لیاقت کے گھر سے 4 لاکھ مالیت کی نقدی اور دیگر سامان، مسلم ٹاؤن کے علاقہ میں عابد کے اہل خانہ سے 3 لاکھ 40ہزار روپے مالیت کی نقدی، طلائی زیورات اور دیگر سامان، ریس کورس کے علاقہ میں شیراز کے گھر سے2 لاکھ روپے مالیت کی نقدی اور دیگر سامان، شمالی چھائونی کے علاقہ میں مجاہد کے گھر سے 1لاکھ80 ہزار روپے کے مالیت کی نقدی اور دیگر سامان، سبزہ زار کے علاقہ میں شاکر کے گھر سے 1 لاکھ روپے مالیت کی نقدی اور دیگر سامان جبکہ غالب مارکیٹ میں ریاض سے70 ہزار روپے اور موبائل فون چھین لیا گیا۔ ڈیفنس اور چو ہنگ سے گاڑیاں جبکہ لو ئر مال، بھاٹی گیٹ، مصری شاہ، نولکھا، رائیونڈ اور شیرا کوٹ سے موٹرسائیکلیں چوری ہوگئیں۔ موڑکھنڈا سے نامہ نگار کے مطابق مسلح ڈاکوؤں نے گندم سے بھرا ٹریکٹر ٹرالہ چھین لیا اور مزاحمت پر ڈرائیور کو تشدد کا نشانہ بنا کر موت کے گھاٹ اتار دیا۔ منظور احمد‘ اللہ دتہ آڑھتی کے بچیکی غلہ منڈی سے 520 تھیلے گندم ٹریکٹر ٹرالہ نمبر4908لوڈ کر کے لاہور جارہا تھا کہ لاہور جڑانوالہ روڈ پر جوڑے کھو کے قریب کار سوار افراد نے مبینہ طور پر چیکنگ کرنے کے لیے ٹارچ کا اشارہ دے کر روکا اور ٹریکٹر ٹرالہ چھیننے کی کوشش کی جس پر منظور احمد نے مزاحمت کی تو ڈاکوئوں نے اسے تشدد کا نشانہ بنا کر مبینہ طور پر اپنی کار میں ڈال لیا اور تھانہ منڈی فیض آباد کی حدود میں لاہور جڑانوالہ روڈ پر پھینک کر فرار ہو گے۔ پٹرولنگ پولیس ملک پور نے اطلاع ملنے پر ڈاکوئوں کا تعاقب کیا تو وہ ٹریکٹر ٹرالہ چھوڑ کر فرار ہو گئے۔ جبکہ زخمی ڈرائیور زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے ہسپتال کے راستے میں دم توڑ گیا۔ مانگٹانوالہ پولیس نے نامعلوم افراد کے خلاف ڈکیتی اور قتل کا مقدمہ درج کر لیا ہے۔