کراچی:میڈیکل کی طالبہ مصباح کو کچرا چننے والے افغانوں نے قتل کیا، ایک ملزم گرفتار
کراچی(انٹر نیٹ نیوز) گلشن اقبال میں اسٹریٹ کرائم کے دوران قتل کی جانے والی میڈیکل کی طالبہ کے قاتلوں سے متعلق پولیس نے اہم انکشاف کیا ہے۔ ایس ایس پی انویسٹی گیشن عرفان زمان کی سربراہی میں ٹیم نے ملزموں کو گرفتار کیا۔ پولیس کیمطابق کراچی کے علاقے گلشن اقبال میںسٹریٹ کرائم کی واردات کے دوران میڈیکل کی طالبہ مصباح کو کچرا چننے والے افغانی نوجوانوں نے قتل کیا، ایک ملزم کو گرفتار کر کے لڑکی کے والد سے چھینا گیا موبائل فون، واردات میں استعمال ہونے والی موٹر سائیکل اور اسلحہ برآمدکر لیا ہے۔ ایس ایس پی ایسٹ غلام اظفر مہیسر نے بتایا کہ گرفتار ملزم محمد نبی افغانی اسٹریٹ کرمنل ہے جس کا ساتھی قاری بشیر افغانی تاحال فرار ہے، ملزمان نے گزشتہ ہفتے گلشن اقبال میں موچی موڑ پر اسٹریٹ کرائم کی واردات کے دوران فائرنگ کر کے طالبہ مصباح کو قتل کردیا تھا۔ گرفتار ملزم کے مطابق وہ ایک سال پہلے تک اس علاقے میں کچرا چنتا تھا جس کے بعد ملزم گاڑیوں کی بیٹریاں چوری کرنے لگا، پانچ ماہ قبل ملزم نے اپنے ساتھیوں فضل، نعمت اور قاری بشیر کے ساتھ مل کر اسٹریٹ کرائم کی وارداتیں شروع کر دیں۔ پولیس کے مطابق گرفتار ملزم کے قبضے سے وہ موٹرسائیکل برآمد ہوئی ہے جس میں انہوں نے واردات کی تھی۔