ایم ایم اے جاگیرداروں، سرمایہ داروں کی سیاست کا خاتمہ کریگی: لیاقت بلوچ
لاہور (خصوصی نامہ نگار)متحدہ مجلس عمل کے قائدین نے گزشتہ روز مینار پاکستان میں جلسہ گاہ کا دورہ کیااور انتظامات کا جائزہ لیا اور اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے متحدہ مجلس عمل کے سیکر ٹری جنرل لیاقت بلوچ نے کہاکہ مجلس عمل ملک سے جاگیر داروں اور سر مایہ داروں کی سیا ست کا خاتمہ کر دے گی انہوں نے کہاکہ ہم الیکشن بروقت چاہتے ہیں ملک کو بحرانوں سے بچانے کے لیئے ضروری ہے کہ انتخا بات مقررہ وقت پر ہوں انہوں نے کہاکہ 13مئی کو لاہور میں متحدہ مجلس عمل تاریخ ساز جلسہ کرے گی اور پاکستان کو حقیقی فلاحی ریاست بناکر ہی اب قیادت دم لے گی۔رابطہ سیکرٹری متحدہ مجلس عمل مولانا محمد امجدخان نے کہاکہ نظام مصطفی ﷺ کے نفاذ کے لیئے مجلس عمل مینار پاکستان سے اپنے سفر کا آغاز کر رہی 13مئی کو دین پسندوں کا تاریخ ساز اجتماع سیکو لر قوتوں کے عزائم کو خاک ملا دے گا۔ انہوں نے کہاکہ یہ جلسہ ایک عوامی ریفرنڈم ہوگا۔مجلس عمل ڈپٹی سیکر ٹری علامہ عارف حسین واحدی نے کہاکہ مستقبل اب متحدہ مجلس عمل کا ہے مجلس عمل ہی ملک کو بحرانو ں سے آزاد کرا سکتی ہے۔