فیصل آباد اور چکوال میں ٹریفک حادثات‘8 افراد ہلاک45 زخمی
فیصل آباد/ چوآسیدن شاہ (نمائندہ خصوصی+ آئی این پی) ساہیانوالہ انٹرچینج موٹروے پر ڈرائیور کو نیند آنے کے باعث بس سیمنٹ کے گارڈر سے لوڈ ٹرالے سے جا ٹکرائی۔ ڈرائیور سمیت چار افراد زندگی کی بازی ہار گئے جبکہ گیارہ افراد شدید زخمی ہو گئے۔ تفصیلات کے مطابق ساہیانوالہ انٹرچینج کے قریب شالیمار کمپنی کی بس ملتان سے راولپنڈی جاتے ہوئے ڈرائیور کو اونگھ آنے کے باعث بے قابو ہو کر سیمنٹ کے گارڈر سے لوڈ ٹرالے سے جا ٹکرائی۔ جس کے نتیجہ میں بس کا ڈرائیور، بس کا ہیلپر منڈی شاہ جیونہ کا رہائشی تیس سالہ اورنگزیب، ملتان شجاع آباد کے رہائشی مسافروں میں صابر، نادر عباس زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے موقع پر ہی دم توڑ گئے جبکہ حادثہ کے نتیجہ میں 11افراد زخی ہو گئے۔علاوہ ازیں کرنل مشتاق بیگ میموریل ہسپتال اور فوجی فاؤنڈیشن سکول چوآسیدن شاہ کے نزدیک اُترائی سے بریک فیل ہونے کے باعث بس ڈرائیور کے کنٹرول سے باہر ہو گئی ‘ موڑ کاٹتے کھائی کے قریب اتنی تیزی سے اُلٹی کہ بس میں سوار اور بس کی چھت پر سوار مسافر کھائی میں جاگرے جس سے چار مسافر موقع پر جاں بحق اور 34مسافر شدید زخمی حالت میں THQہسپتال چوآسیدن شاہ منتقل کئے گئے جس میں سے سات شدید زخمی افراد کو فوری طور پر چکوال ریفر کر دیا گیا اور باقی 27افراد کو THQہسپتال میں داخل کر کیا گیا بعدازاں ایک شدید زخمی ساجد حسین ولد محمد فاضل زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے راستے میں چکوال جاتے دم توڑ گیا۔