حکومت کی عدم دلچسپی ، پنجاب اسمبلی کا اجلاس مسلسل تیسرے روز بھی کورم کی نذر: سپیکر نے پرسوں تک ملتوی کردیا
لاہور (خصوصی نامہ نگار) پنجاب اسمبلی کا اجلاس حکومت کی عدم دلچسپی کے باعث ایک بار پھرکورم کی نذر ہو گیا، حکومت مسلسل تیسرے روز بھی کورم پورا کرنے میں ناکام رہی، گزشتہ روز سپیکر رانا محمد اقبال نے چیئر کی رولنگ کے باوجود وقفہ سوالات کے دوران سیکرٹری جنگلات کی عدم موجودگی پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے انہیں 15منٹ میں پہنچنے کی ہدایت کی۔ اجلاس مقررہ وقت نو بجے کی بجائے ڈیڑھ گھنٹہ کی تاخیر سے سپیکر رانا محمد اقبال خان کی صدارت میں شروع ہوا۔ تین محکموںلیبر و ہیومن ریسورس، جنگلات و ماہی پروری اور انفارمیشن وثقافت سے متعلق سوالوں کے جوابات دیئے جانے تھے۔ سپیکر کی جانب سے وقفہ سوالات کا اعلان ہی کیا گیا تھا کہ اپوزیشن رکن ڈاکٹر مراد راس نے کورم کی نشاندہی کردی۔ سپیکر نے تعداد پوری نہ ہونے پر پانچ منٹ گھنٹیاں بجانے کا حکم دیا تاہم تعداد پوری نہ ہو سکی جس پر اجلاس 15منٹ کے لئے ملتوی کردیا گیا۔ دوبارہ تقریباً ایک گھنٹے کے بعد دوبارہ اجلاس شروع ہوا تاہم کورم پورا نہ تھا جس پر سپیکر نے 12مارچ دوپہر 2 بجے تک کے لئے ملتوی کردیا۔