وقت نیوز کی ٹیم پر تشدد کشمالہ طارق کی آمرانہ ذہنیت کی عکاس ہے،اے پی این ایس
کراچی(وقائع نگار ) آل پاکستان نیوز پیپرز سوسائٹی( اے پی این ایس) نے نوائے وقت میڈیا ٹیم کو حراست میں رکھنے اور تشدد کے واقعے پر وفاقی محتسب کشمالہ طارق کی شدید مذمت کی ہے۔ صدر سرمد علی اور سیکریٹری جنرل عمر مجیب شامی نے کہا ہے کہ پریس رپورٹس کے مطابق اور سوشل میڈیا پردستیاب مواد کے مطابق نوائے وقت ٹیم کے سربراہ مطیع اللہ جان ، محتسب کاشیڈول انٹرویز کرنے گئے تھے۔ کشمالہ طارق کے حکم پر ان پر حملہ کیا گیا اور ان کو ہراساں کیا گیا اور ایکوپمنٹ چھین لیا گیا کیونکہ کشمالہ طارق کو انٹرویو کے دوران پوچھے گئے سوالات پسند نہیں آئے اور غصہ آگیا۔ مذکورہ واقعہ افسو س ناک ہے اور عوامی عہدے پر موجود شخصیت کی جانب سے غیر شائستگی، عدم برداشت او ر غیر جمہوری روئیے کی نشاندہی کرتا ہے اور آمرانہ ذہنیت کا عکاس ہے۔ وزیراعظم سے اپیل کی جاتی ہے کہ وہ واقعے کا نوٹس لیں اور وفاقی محتسب کو عام معافی مانگنے کی ہدایت کریں۔