پی ایس ایل فائنل کے انتظامات‘15 مارچ تک مکمل کئے جائیں، وزیراعلیٰ
کراچی ( وقائع نگار)وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیرصدارت آج وزیراعلیٰ ہائوس میں پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے فائنل میچ کے انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے اجلاس منعقد ہوا، جس میں انہوں نے انتظامیہ کو ہدایت کی کہ وہ شہر کو خوبصورت بنانے کے لئے کام کا آغاز کریں اور شہر میں فیسٹو ل ٹائپ ماحول پیدا کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ یہ پہلا ایونٹ ہے اور اس کے بعد متعدد بین الاقوامی ایونٹس منعقد ہونگے۔ اجلاس میں وزیر داخلہ سہیل انور سیال، وزیر اطلاعات سید ناصر شاہ، وزیر بلدیات جام خان شورو، ڈی جی رینجرز میجر جنرل محمد سعید، انسپکٹر جنرل پولیس اے ڈی خواجہ، وزیراعلیٰ سندھ کا پرنسپل سیکریٹری سہیل راجپوت، سیکریٹری داخلہ قاضی شاہد پرویز، ایڈیشنل آئی جی (سی ٹی ڈی)، ایڈیشنل آئی جی کراچی مشتاق مہر، ایڈیشنل اّئی جی اسپشل برانچ طاہر آزاد، مختلف محکموں کے سیکریٹریز، میونسپل سیکریٹری کے ایم سی اور دیگر افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں آئی جی پولیس، ڈی جی رینجرز اور وزیر بلدیات کی جانب سے وزیراعلیٰ سندھ کو شہر کے امن و امان اور صفائی ستھرائی سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ چاہتا ہوں کہ 15 مارچ تک سارے انتظامات مکمل ہوجائیں۔ پورے شہر میں فیسٹیول اور جشن کا سماں لگنا چاہیے۔ اجلاس میں وزیراعلیٰ سندھ نے پی ایس ایل کے فائنل پر شٹل سروس چلانے کااعلان کرتے ہوئے 300گاڑیوں پر مشتمل شٹل سروس چلانے کی منظوری دیدی۔ جیسے ہی میچ ختم ہو 30 تا 50 منٹس کا موسیقی پروگرام بھی شروع کیا جائے تاکہ افراتفری کی صورتحال سے بچا جاسکے۔اجلاس میں وزیر بلدیات جام خان شورو نے وزیراعلیٰ سندھ کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ نیشنل اسٹیڈیم کے اطراف تمام تجاوزات کو ہٹایا دیا گیا ہے اور 90 فیصد سڑکوں کا مرمتی کام کردیا ہے، شہر کے دیگر اہم شاہراہوں کا بھی مرمتی کام جاری ہے اور اسٹیڈیم کے راستوں پر بڑی لائٹیں لگادی ہیں، اسٹریٹ لائٹس، بیورز و دیگر سہولیات سمیت شہر کے نالوں کی صفائی کا کام کردیا ہے جوکہ کنٹونمنٹ بورڈ کا کام تھا۔جام خان شورو نے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ اسٹیڈیم کی جانب جانے والے راستوں پر بڑی لائٹیں لگارہے ہیں، سی سی ٹی وی کیمراز پورے علاقوں میں نصب کیے گئے ہیں جبکہ پارکنگ میں بھی 33 ہزار گاڑیوں کا بندوبست کیا گیا ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ پارکنگ ایریاز میں بڑی اسکرین لگوائیں تاکہ ڈرائیور حضرات بھی میچ سے لطف اندوز ہوسکیں، فنڈز کی پرواہ نہ کریں جتنے چاہیں دونگا لیکن انتظامات مثالی ہونے چاہئیں۔اجلاس میں سندھ بوائے اسکاؤٹس سے 200 اسکاؤٹس کا عملہ لینے کا فیصلہ بھی کیاگیا۔ وزیراعلیٰ سندھ نے میڈیا پر زور دیا کہ وہ شہر کے امیج کو بہتر بنانے کے لئے اپنا تعمیری کردار ادا کرے تاکہ پی ایس ایل کے میچ کے فوراً بعد دیگر ایونٹس کا بھی اہتمام کیا جاسکے۔
وزیراعلیٰ/ پی ایس ایل