پنجاب حکومت کی غفلت سے ملتان اور جنوبی پنجاب میں موسمی انفلوئنزا وبائی صورت اختیار کر چکا
ملتان (نامہ نگار خصوصی) پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما سابق ممبر صوبائی اسمبلی شاہد محمود خان نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت کی غفلت کے باعث ملتان اور جنوبی پنجاب میں موسمی الفلونزا خطرناک وبائی صورت اختیار کر گیا ہے۔ سرکاری ہسپتالوں اور بنیادی مراکز صحت میں ناقص اقدامات سے وائرس نے جنوبی پنجاب کو لپیٹ میں لے لیا متعدد افراد لقمہ اجل بن گئے۔ نااہل حکمرانوں کی غلط پالیسیوں نے عوام کی خوشیاں چھین لی ہیں، سردرد سے لیکر پائوں کے زخم تک ہر دوائی گراں تر ہو گئی ہے عوام کو بروقت طبی سہولیات میسرنہیں ہیں۔ شاہد محمود خان نے کہا کہ حالات یہ ہیں کہ وفاقی حکومت نے قومی صحت پروگرام کے تحت انفلوئنزا اور دیگر خطرناک بیماریوں کو کنٹرول کرنے کے فنڈز گزشتہ 6 ماہ سے جاری ہی نہیں کئے۔