اسلام آباد (مقبول ملک + دی نیشن رپورٹ+ مانیٹرنگ نیوز+ ایجنسیاں) ملک میں قانون کی حکمرانی کی بالادستی کے قیام کا عزم ظاہر کرتے ہوئے مسلح افواج کی قیادت نے حکومت کے اس فیصلے کی حمایت کی ہے کہ امریکی شہری ریمنڈ ڈیوس کا معاملہ عدالت میں زیر سماعت اور عدالت ہی اس حوالے سے فیصلہ کر سکتی ہے۔ باخبر ذرائع نے دی نیشن کو بتایا کہ ان خیالات کا اظہار آرمی چیف کی زیرصدارت 136ویں کور کمانڈرز کانفرنس کے دوران کور کمانڈرز نے جنرل کیانی کی میونخ میں ہونے والی سکیورٹی کانفرنس کی سائیڈ لائن پر امریکی وزیر خارجہ ہلیری کلنٹن سے ہونے والی ملاقات کے تناظر میں کیا ہے۔آرمی چیف جنرل اشفاق پرویز کیانی کی زیر صدارت کور کمانڈرز کانفرنس جی ایچ کیو راولپنڈی میں ہوئی جس میں خطے کی سکیورٹی کی صورتحال، دہشت گردی کیخلاف جنگ میں پیش رفت، مسلح افواج کی ضروریات ، مشرقی و مغربی سرحدوں کی صورتحال سمیت آپریشنل امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ عسکری ذرائع کے مطابق آرمی چیف جنرل اشفاق پرویز کیانی نے میونخ میں عالمی سکیورٹی کانفرنس کے موقع پر افغان صدر حامد کرزئی اور امریکی وزیر خارجہ ہلیری کلنٹن سے ہونے والی ملاقات کے حوالے سے شرکاءکو آگاہ کیا۔کانفرنس میں پاک فوج کی آپریشنل تیاریوں پر اطمینان کا اظہار کیا گیا۔ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے جنرل اشفاق پرویز کیانی نے کہا کہ ملکی سلامتی اور سالمیت کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا، پاک فوج کی آپریشنل صلاحیتوں میں مزید بہتری لائی جائے گی، دہشتگردی کیخلاف جنگ میں پوری قوم فوج کے ساتھ ہے اور ہم ہر مشکل وقت میں قوم کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ کانفرنس میں ملک کی اندرونی اور بیرونی سکیورٹی کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔ جنرل کیانی نے امریکی وزیر خارجہ ہلیری کلنٹن سے ریمنڈ ڈیوس کے مسئلے پر ہونے والی بات چیت کے حوالے سے شرکاءکو بتایا۔ ذرائع کے مطابق کانفرنس کے دوران قبائلی علاقوں میں جاری فوجی سرگرمیاں زیر غور آئیں۔آئی ایس پی آر کے مطابق یہ معمول کی کانفرنس تھی۔
علی امین گنڈا پور کی ’’سیاسی پہچان‘‘ اور اٹھتے سوالات
Apr 25, 2024