معاشرے میں امن کے قیام کیلئے ہر فرد کو کردار ادا کرنا چاہئے: یوسف انصاری
ملتان (خبرنگارخصوصی) کونسلر اتحاد ملتان کے صدر محمد یوسف انصاری نے کہا ہے کہ معاشرے میں امن کے قیام کے لئے ہر فرد کو اپنا کردار ادا کرنا چاہئے کونسلر علاقے کی تعمیروترقی کے ساتھ ساتھ علاقے میں امن و امان کے قیام میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز جرنلسٹ فار ڈیموکریسی اینڈ ہیومن رائٹس کے زیراہتمام یونین کونسل15 گلشن مارکیٹ میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر کونسلر اتحاد کے جنرل سیکرٹری محمد اشفاق ندیم‘ صدر انجمن تاجران گلشن مارکیٹ چودھری الیاس‘ چیئرمین یونین کونسل15 حاجی محمدرفیق سمیت نصرت خان یوسف زئی‘ الحاج محمداشرف قریشی سمیت دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ بین المذاہب ہم آہنگی وقت کی ضرورت ہے اگر ہم معاشرے میں گراس روٹ لیول پر امن کے لئے کوششیں کریں تو ایک دن پاکستان میں امن کا بول بالا ہو گا۔