اعصام الحق یو ایس اوپن مینز اور مکسڈ ڈبلز کے فائنلز میں پہنچنے والے پہلے پاکستانی بن گئے
لاہور + نیویارک (سپورٹس رپورٹر + مانیٹرنگ ڈیسک + وقت نیوز) قومی ٹینس سٹار اعصام الحق گذشتہ روز یو ایس اوپن کے مینز اور مکسڈ ڈبلز کے فائنل میں پہنچ گئے۔ مینز ڈبلز کے سیمی فائنل میں اعصام الحق اور ان کے بھارتی پارٹنر روہن بوپنا نے ارجنٹائن کی جوڑی کو سٹریٹ سیٹس میں 7-6 اور 6-4 سے شکست دے دی۔ اعصام الحق پہلے پاکستانی ہیں جو گرینڈ سلام ٹینس کے فائنل مقابلوں میں پہنچنے میں کامیاب ہوئے ہیں۔ قبل ازیں اعصام الحق اور چیک ری پبلک کی کویتا پیشکے کی جوڑی نے مکسڈ ڈبلز میں اینالینہ اور مارک نولس کو سات چھ‘ سات چھ سے شکست دے کر یو ایس اوپن کے مکسڈ ڈبلز کے لئے کوالیفائی کیا۔ دریں اثناءاعصام الحق کی والدہ نوشین کا کہنا تھا کہ اعصام کی مکسڈ ڈبل کے فائنل اور مینز ڈبل کے سیمی فائنل میں پہنچنے پر وہ بے حد خوش ہیں جبکہ ان کے والد کا کہنا تھا کہ انہیں بیٹے کی کارکردگی پر فخر ہے۔ اعصام کے والدین نے کہا ان کے بیٹے کی کامیابی کے پیچھے جو قوت اور خواہش ہے وہ پریشانیوں اور مصیبتوں میں گھری اپنی قوم کو خوشخبری دینا ہے۔