گرانفروشی کی شکایت پر متعلقہ ضلع کا ڈپٹی کمشنر جوابدہ ہوگا: اسلم اقبال
لاہور (کامرس رپورٹر) صوبائی وزیر صنعت وتجارت میاں اسلم اقبال نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت نے سبزیوں، پھلوں اور روزہ مرہ استعمال کی اشیاء کا آن لائن ہوم ڈلیوری کا پروگرام بنا لیا ہے۔ پہلے مرحلے میں پھل اور سبزیاں جبکہ دوسرے مرحلے میں دیگر اشیا ضروریہ لوگوں کے گھروںپر آن لائن فراہم کی جائیں گی۔ صارفین کے حقوق کا ہر قیمت پر تحفظ یقینی بنائیں گے۔ انہوں نے اس امر کا اظہار گزشتہ روز ایوان وزیراعلی میں ٹاسک فورس برائے پرائس کنٹرول کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا ہے۔ صوبائی وزیر زراعت نعمان اختر لنگڑیال،سیکرٹری صنعت وتجارت، کمشنر وڈپٹی کمشنر لاہور اور متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی جبکہ صوبہ بھر کے کمشنر ز اور ڈپٹی کمشنرز ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے۔ صوبائی وزیر میاں اسلم اقبال نے کہا عوامی فلاح کے اس پروگرام کا آغاز لاہور،گوجرانوالہ، فیصل آباد، راولپنڈی اور ملتان سے کیا جارہا ہے۔ اسلم اقبال نے کہا کہ صارفین کی سہولت کے لئے قیمت ایپ بھی بنائی ہے۔ اس ایپ پر روزانہ کی بنیاد پر قیمتیں اپ لوڈ کی جاتی ہیں۔ وزیر صنعت نے کہا کہ گرانفروشی کی شکایات ٹال فری نمبر0800-02345پر درج کرائی جائیں، دو گھنٹے میں کارروائی ہو گی۔گرانفروشی کے خلاف جس ضلع سے شکایت آئی تو متعلقہ ڈپٹی کمشنر جوابدہ ہو گا۔پرائس کنٹرول میکانزم پرعملدرآمد کے حوالے سے اچھی کارکردگی پر 5بہترین اضلاع کو تعریفی اسناد دی جائیں گی۔صوبائی وزیر نے کہا کہ ماڈل بازاروںاور اتوار بازاروں میں کسانوں کو رسائی، رینٹ، فیس ختم اور دیگر سہولتیں دیں گے ۔صوبائی وزیر نے ہدایت کی کہ صوبے بھر میں 20کلوگرام آٹے کا تھیلا808 اور چینی 70روے فی کلوگرام سے فروخت یقینی بنائی جائے۔گھی کی قیمت بھی سٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے آج طے کر لی جائے گی۔