ایم این ایم موٹر سائیکل فراڈ کیس، ملزم جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے
لاہور(اپنے نامہ نگار سے) احتساب عدالت نے دھوکہ دہی سے اربوں روپے لوٹنے کے ملزم کو 13جون تک جسمانی ریمانڈ پر نیب حکام کے حوالے کر دیا ہے۔ا میسرز ایم این ایم موٹر سائیکل نامی فراڈ کیس میں ہزاروں متاثرین سے دھوکہ دہی اور منافع کا لالچ دیتے ہوئے اربوں روپے کی لوٹ مار کے کیس میں مرکزی ملزم احمد سیال کے قریبی ساتھی وقاص کوسرگودھا سے گرفتار کیا گیا تھا جسے نیب نے فاضل عدالت میں پیش کیا اور جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی۔ نیب پراسیکیوٹر کے مطابقمیسرز ایم این ایم موٹر سائیکل کرپشن کیس میںمرکزی ملزم احمد سیال نے اپنے متعدد سٹاکسٹس اور ڈائریکٹرز کے ذریعے25ہزار روپے کے عوض موٹر سائیکل کی فراہمی کے علاوہ انویسٹمنٹ پر بھاری منافع کا لالچ دیتے ہوئے ہزاروں متاثرین سے اربوں روپے لوٹے مجموعی طور پر عوام سے لگ بھگ 11ارب روپے لوٹے گئے۔نیب حکام کیجانب سے مرکزی ملزم احمد سیال کو19جنوری کو گرفتار کیا گیا ۔ ملزم وقاص کو نیب حکام کی جانب سے احتساب عدالت کے روبرو پیش کرتے ہوئے 13جون تک کا جسمانی ریمانڈ حاصل کر لیاگیا ہے۔