تحفظ ناموس رسالتؐ کیلئے کسی قر بانی سے دریغ نہیں کرینگے
اسلام آباد ( نوائے وقت رپو رٹ ) عاشقان رسول ؐ ڈرنے جھکنے اور بکنے والے نہیں۔ ختم نبوت اور تحفظ ناموس رسالتؐ کے آئین میں ترمیم کے ذمہ داروں کو کیفر کردار تک پہنچائیں گے ۔ حکومت کے ساتھ ملنے والے علماء اور مشائخ کیا اللہ اور اسکے رسول ؐ کو بھول گئے ہیں ؟ ۔ ان خیالات کا اظہار پیر سید عنایت الحق شاہ سلطان پوری نے تحریک لبیک یا رسول اللہ کے زیر اہتمام جامع مسجد بلال ترنول میں منعقدہ تاجدار ختم نبوت کانفرنس بسلسلہ میلاد مصطفٰے ؐ برائے ایصال ثواب صوفی محمد رمضان اور حاجی محمد نذیر سے خطاب میں کیا، اس موقع پر خطیب اہلسنت علامہ فاروق الحسن ، علامہ محمد عرفان ضیائی ، پیر سید تنویر حسین شاہ ضیائی ، پیر سید ظہیر شاہ عطاری ، قاری محمد گلفراز ضیائی ، سید سفیر حسین شاہ ، علامہ نور زمان نوری ، قاری محمد عمران ضیائی ، علامہ عامر ضیائی ، علامہ محمد ندیم ضیائی ، علامہ کامران حبیب ضیائی اور دیگر علماء کرام و مشائخ بھی موجودتھے ۔ اس موقع پر شیخ میاں محمد غنی زونل صدر کمیٹی مسلم لیگ ن یوسی سرائے خربوزہ نے اپنے دوستوں اور برادری سمیت تحریک لبیک یا رسول اللہ میں شمولیت کا اعلان کیا ۔ پیر سید عنایت الحق شاہ نے کہا کہ ختم نبوت ہمارے ایمان کا معاملہ ہے اس پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا ۔ علامہ فاروق الحسن نے کہا کہ جان جاتی ہے تو جائے ختم نبوت اور تحفظ ناموس رسالتؐ پر کوئی آنچ نہیں آنے دیں گے ۔ علامہ محمد عرفان ضیائی اور پیر سید تنویر حسین شاہ ضیائی نے کہا کہ اللہ پاک ہمیں اپنے آقا ئے دوجہاںؐ کا وفادار بنائے پہرے دار تحفظ ناموس رسالت ؐ ممتاز حسین قادری شہید کا مشن جاری رہے گا ۔