حیدرآبادمیں مسائل کے ذمہ دار میئر ہیں، جام خان شورو
حیدرآباد( نامہ نگار) صوبائی وزیر بلدیات جام خان شورو نے کہا ہے کہ بلدیہ اعلیٰ حیدرآباد عوام کے مسائل حل کرنے میں ناکام ہوچکی ہے ۔ شہرمیں صفائی ستھرائی نہ ہونے کے باعث جو مسائل پیدا ہوئے ہیں ان کے ذمہ دار میئر حیدرآباد ہیں۔ حکومت سندھ ہر ماہ ایچ ایم سی کو 3کروڑ روپے گرانٹ بھی دے رہی ہے اس کے باوجود حکومت سندھ کے خلاف بلا جواز واویلا کیا جارہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے حیدرآبادمیں اے این پی رہنما دائود خان پٹھان کے انتقال پر پسماندگان سے اظہار تعزیت کے بعد صحافیوں سے گفتگو کے دوران کیا۔ دریںاثنا حیدرآباد کی عدالت نے کوڑے کے ڈھیروں، غیر قانونی تجاوزات نہ ہٹائے جانے کے خلاف ایس ایچ او مارکیٹ کی درخواست پر حیدرآباد میونسپل کمشنر ، میونسپل آفیسر اور ڈائریکٹر انسداد تجاوزات کو 11 جنوری کو طلب کرلیا ہے۔ حیدرآباد کے تھانہ مارکیٹ کے ایس ایچ او منیر عباسی نے شہر میں جگہ جگہ گندگی کے انبار اور تجاوزات کی بھرمار کے خلاف سول کورٹ نمبر6 میں درخواست دائر کی جس میں موقف اختیار کیا گیا کہ سول اسپتال ، سلاوٹ پاڑہ، لبرٹی چوک، میمن اسپتال، سرے گھاٹ، اے ون چوک، ڈاکٹرز ہاسٹل اور تلک چاڑی سمیت اکثر علاقے کوڑے کے ڈھیر میں تبدیل ہوگئے ہیں ۔ٹاور مارکیٹ اناج منڈی، سمیت کاروباری علاقوں میں دوکاندار، ہوٹل، گیراج مالکان سڑکوں پر کوڑا ِپھینک رہے ہیں دوکانداروں نے اپنا سامان سڑکوں پر سجا رکھا ہے جس سے لوگوں کو آنے جانے میں دقت کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ علاوہ ازیں ضلع حیدرآباد کی تینوں شہری تحصیلوں ،سٹی ، لطیف آباد اور قاسم آباد میں ڈرینج سسٹم ناکارہ ہوگیا ۔ گٹروں کاپانی سڑکوں اور گلیوں میںپھیلنے لگاجس کے باعث ایک جانب سڑکیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں تو دوسری طرف شہری مختلف امراض میںمبتلا ہورہے ہیں۔ علاوہ ازیں بیشتر علاقوںمیں گٹر کا پانی ، پینے کے پانی میں مل جانے سے گھروںمیں آنے والا پانی سخت آلودہ ہوچکا ہے پانی کی عدم فراہمی نے بھی شہر کے بڑے حصے کے مکینوں کو عذاب میں مبتلا کر رکھا ہے۔ قاسم آباد کے بیشتر علاقوں میں کئی روز سے پانی کی فراہمی بند ہے اور متاثرہ علاقوں کے مکین سراپا احتجاج بنے ہوئے ہیں۔
جام خان شورو