سپر لیگ کے تیسرے ایڈیشن کیلئے اوپو اور بورڈ کے درمیان معاہدہ ہو گیا
لاہور(اسپورٹس رپورٹر) پاکستان سپر لیگ کے تیسرے ایڈیشن کے لیے اوپو اور پاکستان کرکٹ بورڈ کے درمیان معاہدہ ہو گیا ہے۔ خصوصی تقریب لاہور کے مقامی ہوٹل میں منعقد ہوئی جس میں فاسٹ باولر حسن علی سمیت پاکستان کرکٹ بورڈ کی ڈائریکٹر مارکیٹنگ نائلہ بھٹی اور سینئر جنرل منیجر صہیب شیخ نے شرکت کی۔ نائلہ بھٹی نے شراکتی معاہدہ پر دستخط کیے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے اوپو پاکستان کے سی ای او جارج لانگ نے کہا، "یہ میرے لئے اعزاز کی بات ہے کہ اوپو ایچ بی ایل پاکستان سوپر لیگ کے ساتھ پہلے بین الاقوامی اسمارٹ فون برانڈ کے طور پر شراکت داری کر رہا ہے۔ بطور برانڈ اوپو نوجوانوں کی حوصلہ افزائی کرتا ہے اور یہ ہمارا عزم ہے کہ ہر وہ چیز فراہم کریں اور اسے فروغ دیں جس میں نوجوان دلچسپی لیتے ہیں ۔ پی سی بی کی ڈائریکٹر سیلز اینڈ مارکیٹنگ نائلہ بھٹی نے کہا، پاکستان کرکٹ بورڈ کی طرف سے مجھے ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ کے لئے اوپو کے ساتھ بطور آفیشل اسمارٹ فون پارٹنر کی شراکت داری پر انتہائی خوشی ہے۔ یہ ہمارے لئے انتہائی اعزاز کا مقام ہے کہ ہم پی ایس ایل کی تاریخ میں انٹرنیشنل اسمارٹ فون برانڈ کے طور پر پہلی بار شراکت داری کررہے ہیں ۔