نواز شریف فرقہ واریت روکنے کیلئے اے پی سی بلائیں: زبیر احمد ظہیر
لاہور (خصوصی نامہ نگار) مرکزی جمعیت اہلحدیث کے مرکزی نائب امیر و اسلامی نظریاتی کونسل کے رکن علامہ زبیر احمد ظہیر نے مطالبہ کیا ہے کہ وزیراعظم نواز شریف ملک میں فرقہ واریت پھیلانے کی سازشوں کو ناکام بنانے کیلئے فوری طور پر مذہبی جماعتوں کی آل پارٹیز کانفرنس بلائیں اور مشترکہ حکمت عملی طے کی جائے‘ ملک میں امن و امان کی صورتحال کو بہتر بنانا اور علمائے کرام کا تحفظ وفاقی اور صوبائی حکومت کی ذمہ داری ہے‘ وقت آ گیا ہے کہ تمام سیاسی اور مذہبی جماعتیں ذاتی مفادات سے بالا ہو کر سیاست کریں اور پاکستان کے خلاف دشمنوں کی سازشوں کو ناکام بنایا جائے۔ باقاعدہ منصوبہ بندی کے تحت امن اور پاکستان کی دشمن قوتیں ملک میں فرقہ واریت کو ہوا دے رہی ہیں اور مختلف مکتبہ فکر علماء کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔