پیرس: پاکستانی سفارتخانے میں بلوچی فوک میوزیکل پروگرام کا اہتمام: بلوچ گلوکاروں نے سماں باندھ دیا
پیرس (صاحبزادہ عتیق) فرانس کے دارالحکومت پیرس میں واقع پاکستانی سفارتخانے میں گذشتہ روز ایک میوزیکل نائٹ کا اہتمام کیا گیا جس میں بلوچ فوک گلوکاروں نے داد وصول کی۔ ان گلوکاروں نے اپنے مقامی موسیقی کے آلات کے ذریعے سماں باندھ دیا۔ پروگرام کا اہتمام فرانسیسی منتظمہ محترمہ سودا بیکیا نے کیا۔ جبکہ استقبالیہ فرانس میں پاکستان کے نئے سفیر شفقت سعید نے دیا۔ اکبر خمیسو خان نے الغوزہ، محمد خان نے ڈھولک، وارہان خان نے دمبورا اور نواب خان نے نار بجا کر سامعین کو محظوظ کیا جبکہ شاہ مراد نے میر چکر بلوچ کی فوک کہانی گا کر سنائی۔ اس موقع پر محمد اختر خیال نے مشہور بلوچ فوک گیت ”دانا بہ دانا“ سنایا۔