میری پوری کوشش ہو گی کہ خلا میں پاکستان کا جھنڈا لہرانے والا پہلا شہری بن سکوں:گلوکارفخر عالم
معروف گلوکار اور اداکار فخر عالم نے دو سال کے اندر خلا کا چکر لگانے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔ ایک مارننگ شو میں گفتگو کرتے ہوئے فخر عالم نے اعلان کیا کہ مشن پرواز کی تکمیل کے بعد اب خلا کے گرد چکر لگانے کا ارادہ ہے اور دو سالوں کے اندر اس کو عملی جامہ بھی پہنا دوں گا۔ فخر عالم نے بتایا کہ اس سفر میں امریکہ، روس یا چین سے تعلق رکھنے والے ہی میرے شراکت دار ہو سکتے ہیں کیونکہ یہی وہ ممالک ہیں جن کے راکٹس کے ساتھ خلا کا چکر لگایا جا سکتا ہے۔ یہ سفر صرف حکومتی سطح پر ہی کیا جا سکتا ہے نجی نہیں۔ خود جہاز اڑا کر دنیا کا چکر لگانے والے پہلے پاکستانی کا کہنا تھا کہ میری پوری کوشش ہو گی کہ خلا میں پاکستان کا جھنڈا لہرانے والا پہلا شہری بن سکوں، اس مشن پر کام بھی شروع کر دیا ہے۔