ملک بدر ہوکر آنے والے 2 افراد ائرپورٹ پر گرفتار
لاہور (خبرنگار) ایف آئی اے امیگریشن نے جنوبی افریقہ سے ملک بدر ہوکر آنے والے اوکاڑہ کے شعیب طارق کو گرفتار کرلیا۔ ملزم نے بتایا کہ اس کے بھائی اویس طارق نے علی نامی ایجنٹ کے ذریعے اسے جنوبی افریقہ بھجوانے کا بندوبست کیا تھا۔ وہ لاہور سے دبئی اور پھر وہاں سے نمیبیا براستہ جنوبی افریقہ روانہ ہوا۔ اس کے پاسپورٹ پرنمیبیا اور جنوبی افریقہ کے ویزا سٹیکر ایجنٹ نے لگوانے تھے مگر جنوبی افریقی امیگریشن نے اسے واپس بھجوا دیا۔ ملزم کواندراج مقدمہ کیلئے تھانہ پاسپورٹ سرکل بھجوا دیا گیا۔ علاوہ ازیں جنوبی افریقہ سے آنے والے ننکانہ صاحب کے محمد عدنان کے پاسپورٹ پر لگا جنوبی افریقہ کا ورک پرمٹ جعلی نکلنے پر اسے بھی گرفتار کرلیا گیا۔