یوم یکجہتی کے موقع پر اقوام متحدہ کے کوآرڈینیٹر کو دی گئی یاد داشت کو سیکریٹری جنرل تک پہنچا دیا گیا ہے:فردوس عاشق
معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹرفردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ یوم یکجہتی کے موقع پر اقوام متحدہ کے کوآرڈینیٹر کو د ی گئی یاد داشت کو سیکریٹری جنرل یو این تک پہنچا دیا گیا ہے ۔ مظلوم کشمیریوں کیلئے آواز بلند کرنا ہوگی ۔معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئیٹر پر اپنے بیان میں کہا کہ یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر پاکستانی عوام کی جانب سے مظلوم کشمیریوں کے حوالے سے یو این کے کوآرڈینیٹر برائے پاکستان کو یادداشت پیش کی تھی جسے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کے دفتر پہنچا دیا گیا ہے اور اس امر کی تصدیق ریذیڈنٹ کوآرڈینیٹر جولین ہاربنز نے ای میل کے ذریعے کی۔ معاون خصوصی نے مزید کہا کہ مظلوم کشمیریوں کے حق میں اٹھائی گئی آواز دنیا کے سب سے بڑے فورم تک پہنچانے پرجولین ہاربنز کا شکریہ ادا کرتی ہوں جنہوں نے مقبوضہ وادی میں کشمیریوں پر بھارتی ظلم و بربریت اور انسانی حقوق کی پامالیوں کے خلاف پاکستانیوں کی آواز اقوام متحدہ کے سیکریٹری تک پہنچائی.