جنوبی افریقہ‘ بنگلہ دیش‘ افغانستان‘ آئرلینڈ پاکستان آنے کا تیار‘نجم سیٹھی کا دعویٰ
لاہور (نمائندہ سپورٹس+سپورٹس رپورٹر) جنوبی افریقہ،، بنگلہ دیش،، افغانستان اور آئرلینڈ نے پاکستان میں کرکٹ سیریز کھیلنے کیلئے حامی بھر لی ہے۔ پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ کی واپسی کے سلسلے میں بڑا بریک تھرو ہوا ہے۔ پی سی بی چیئرمین نجم سیٹھی کی جانب سے اس حوالے سے بڑا دعویٰ کیا گیا ہے۔ نجم سیٹھی کا دعویٰ ہے کہ دنیا کی کئی بڑی ٹیمیں پاکستان میں کرکٹ سیریز کھیلنے کیلئے رضامند ہو گئی ہیں۔جو ٹیمیں پاکستان کا دورہ کرنا چاہتی ہیں ان میں جنوبی افریقہ‘ بنگلہ دیش‘افغانستان اور آئرلینڈ شامل ہیں۔ نجم سیٹھی کا کہنا ہے کہ آئندہ چند ماہ میں پاکستان کا شیڈول کافی مصروف ہوگا، اس لیے ان ممالک کے ساتھ ہوم سریز کا انعقاد پی ایس ایل 4 کے بعد ہی ممکن ہے۔ جبکہ ان ممالک کی ٹیموں کے دورہ پاکستان سے متعلق مزید تفصیلات بعد میں جاری کی جائیں گی۔ یہاں یہ بات بھی واضح رہے کہ نیوزی لینڈ نے کچھ روز قبل ہی پاکستان کی جانب سے دیے گئے دورے کی دعوت کو قبول کرنے سے انکار کر دیا تھا۔ پی سی بی پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ کو واپس لانے کیلئے پی ایس ایل 4 کے بیشتر میچز کا انعقاد پاکستان میں ہی کروانے کی کوششوں میں مصروف ہے۔