عمران خان نے پہلے دن ہی کہا تھا میں بہت بہادر ہوں اور آگے جاسکتی ہوں ٗزرتاج گل
اسلام آباد (این این آئی)پاکستان تحریک انصاف کی نومنتخب رکن قومی اسمبلی زرتاج گل وزیر نے کہاہے کہ وہ سسٹم تبدیل کرنے کے لیے قبائلی علاقے سے باہر نکل کر آئی ہیں اور بتانا چاہتی ہیں کہ خواتین بھی مرد لیڈر کی طرح کام کر سکتی ہیں ۔ ایک انٹرویومیں زرتاج گل وزیر نے کہا کہ میں منافق اور بزدل نہیں بلکہ پاکستان کو تبدیل کرنے میں حصہ ڈالوں گی۔34 سالہ زرتاج گل کے والدین کا تعلق شمالی وزیرستان سے ہے ٗانہوں نے اپنی تعلیم لاہور سے حاصل کی اور پھر تحریک انصاف میں بطور رضاکار شمولیت اختیار کی۔زرتاج گل کے مطابق عمران خان نے مجھے پہلے دن ہی کہا کہ میں بہت بہادر ہوں اور آگے جاسکتی ہوں۔انہوں نے بتایا کہ لوگ مجھے کہتے ہیں دھی رانی آگئی ہے اور میرا جذبہ دیکھ کر لوگ اپنی بیٹیوں کے نام زرتاج گل وزیر رکھتے ہیں۔پی ٹی آئی چیئرمین کے حوالے سے زرتاج گل نے بتایا کہ عمران خان کے ناقدین انہیں نہیں جانتے، میں شروع دن سے انہیں بطور لیڈر جانتی ہوں، وہ ایک انتہائی سادہ اور دور اندیش لیڈر ہیں۔ زرتاج گل نے کہا کہ مجھے کسی پروٹوکول کی ضرورت نہیں، ڈیرہ غازی خان میں خود گاڑی ڈرائیو کرکے گلی محلے کی صورتحال دیکھوں گی۔