خواتین ووٹرز کا کم ٹرن آئوٹ ‘ الیکشن کمشن نے پی کے 23 شانگلہ میں امیدوار کی کامیابی کا نوٹیفکیشن روک دیا
اسلام آباد (خصوصی نمائندہ) خیبر پی کے علاقے شانگلہ میں خواتین ووٹرز کے کم ٹرن آئوٹ کے باعث امیدوار کی کامیابی کا نوٹیفکیشن روک دیا گیا۔ چیف الیکشن کمشنر سرجدار محمد رضا کی سربراہی میں پانچ رکنی کمشن نے پی کے 23 شانگلہ میں خواتین ووٹرز کے 10 فیصد سے کم ٹرن آئوٹ کے معاملہ کی سماعت کی۔ درخواست گزار اور کامیاب امیدوار دونوں کی طرف سے الیکشن کمیشن میں کوئی پیش نہ ہوا۔ الیکشن کمشن نے الیکشن جیتنے والے امیدوار کی کامیابی کا نوٹیفکیشن روکنے کا حکم دیتے ہوئے اس سے جواب طلب کرلیا۔ کیس کی سماعت 13 اگست تک ملتوی کردی گئی۔ پی کے 23 شانگلہ سے تحریک انصاف کے شوکت علی کامیاب ہوئے ہیں۔ اس حلقے میں خواتین رائے دہندگان کی تعداد 85 ہزار 698 ہے لیکن الیکشن میں صرف ساڑھے 3 ہزار خواتین نے ووٹ ڈالے جبکہ تقریباً ایک لاکھ 14 ہزار مرد ووٹرز میں سے 66 ہزار نے اپنی رائے کا اظہار کیا۔ مجموعی ٹرن آئوٹ 34 فیصد رہا۔