تنقید کرنے والے اپنا گریبان جھانکیں، پرویز الٰہی کا دور کرپشن سے عبارت تھا: رانا ثناء اللہ
لاہور (خصوصی رپورٹر) صوبائی وزیر قانون رانا ثناء اللہ خاں نے کہا ہے کہ عوامی فلاحی منصوبوں پر تنقید کرنے والے اپنے گریبان میں جھانکیں، پرویز الٰہی کا دور حکومت کرپشن اور لوٹ مار سے عبارت تھا۔ حصول اقتدار چوہدری برادران کے لئے اب ایک خواب ہی رہے گا۔ پرویز الٰہی خاطرجمع رکھیں اب ان کا لوٹ کھسوٹ کا دور کبھی واپس نہیں آئے گا۔ پرویز الٰہی کے بیان پر تبصرہ کرتے ہوئے صوبائی وزیرقانون رانا ثناء اللہ نے کہا کہ حکومت پنجاب نے تعلیم اور صحت کے میدان میں انقلابی اقدامات کئے۔ دانش سکول کا منصوبہ محروم معیشت طبقات کے لئے کسی نعمت سے کم نہیں اور پیف سکالرشپ سے ہزاروں نادار بچے اعلیٰ تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔ ایک لاکھ 70ہزار سے زائد شہریوں کو روزانہ لگژری سفر کی سہولت فراہم کرنے والی میٹروبس پر تنقید کرنے والے عوام کے دشمن ہی تو ہیں۔ پرویز الٰہی کو کوئی عوامی فلاحی منصوبہ برداشت نہیں ہوتا۔ پرویز الٰہی کو انتخابات میں شکست سے سبق حاصل کرنا چاہیے اور بے بنیاد حقائق کے منافی بیانات سے عوام کو بیوقوف بنانے کی کوشش ترک کر دینی چاہیے۔