حکومت پرویز مشرف کے معاملے میں بوکھلاہٹ کی شکار ہے: احمد رضا قصوری
حیدرآباد (آئی این پی) آل پاکستان مسلم لیگ کے چیف کوآرڈینیٹر احمد رضا قصوری نے کہا ہے کہ حکومت پرویز مشرف کے معاملے میں بوکھلاہٹ کی شکار ہے۔ مشرف کیخلاف عدالتی کارروائی محض ذاتی رنجش کا نتیجہ ہے جو وزیراعظم نوازشریف کی ایما پر ہو رہا ہے۔ ایک تقریب میں فون پر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا حکومت کی جانب سے مشرف کو ڈیل کی آفر ہوئی تھی جسے انہوں نے ٹھکرا دیا تھا۔ ڈیل میں حکومت کی طرف سے مشرف سے وطن واپس نہ آنے کی شرط پر انہیں انکی بیمار والدہ کی عیادت کیلئے جانے کی اجازت دی جا رہی تھی۔ مشرف نے وطن واپس نہ آنے کی شرط کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ان کی سرزمین ہے جس کی خدمت کیلئے انہوں نے اپنی ساری زندگی وقف کر دی۔ وہ یہاں جان تو دے سکتے ہیں مگر ملک سے غداری نہیں کر سکتے۔ اس موقع پر آل پاکستان مسلم لیگ حیدرآباد کے صدر شعیب ملک نے کہا کہ حکومت اپنے اور اپنے لوگوں کی نااہلی چھپانے کیلئے ہمارے قائد پرویزمشرف پر جھوٹے کیس اپنی ذاتیات کی وجہ سے یہ ڈرامہ بازی کر رہی ہے، فتح انشاء اللہ سچ کی ہوگی۔ اس موقع پر متحدہ قومی موومنٹ کے رکن قومی اسمبلی سید وسیم حسین‘ سنی تحریک کے عابد قادری اور دیگر نے بھی شرکت کی۔