شکیل شیخ چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی کے مشیر مقرر
لاہور( حافظ محمد عمران/ نمائندہ سپورٹس) پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین نجم سیٹھی نے اسلام آباد ریجنل کرکٹ ایسوسی ایشن کے صدر، پی سی بی گورننگ بورڈ کے سابق رکن، کرکٹ کمیٹی اور ڈومیسٹک افیئرز کمیٹی کے سابق سربراہ شکیل شیخ کو اپنا مشیر مقرر کر دیا ہے۔ شکیل شیخ ڈومیسٹک و انٹرنیشنل کرکٹ اور ملکی سطح کی کرکٹ کے تمام معاملات میں نجم سیٹھی کی معاونت کریں گے۔ نوائے وقت کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے شکیل شیخ کا کہنا تھا کہ میری تمام تر توانائیاں، صلاحیتیں اور تجربہ پاکستان کرکٹ کی بہتری کے لئے وقف ہے۔ مجھے نئی ذمہ داری ملی ہے توقعات میں بھی اضافہ ہوا ہے۔ میں نجم سیٹھی کا مشکور ہوں کہ انہوں نے مجھے ملک کے مقبول ترین کھیل کی خدمت اور بہتری کے لئے کام کرنے کا موقع ملا ہے۔ ڈومیسٹک کرکٹ میرا شوق نہیں جنون ہے اس سطح کی کرکٹ کو بہتر بنانے کے لئے ہرممکن اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ پلیئرز اور آفیشلز کے معاوضوں میں تاریخی اضافہ کیا گیا ہے۔ لاہور ریجنل کرکٹ ایسوسی ایشن کے سابق سربراہ خواجہ ندیم احمد نے شکیل شیخ کو چیئرمین پی سی بی کا ایڈوائزر بننے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ شکیل شیخ کی ملکی کرکٹ کے لئے خدمات ناقابل فراموش ہیں وہ ایک بہترین کرکٹ ایڈمنسٹریٹر ہیں۔