نوازشریف جب تک وزیراعظم ہیں ملک ترقی نہیں کر سکتا : آصف زرداری
سانگھڑ/ کھپرو/ جام نواز علی (نامہ نگاران) سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ بھٹو ازم ایک جذبے اور سوچ کا نام ہے ہم اس دھرتی کے لوگ ہیں ہمیں مسائل کا پتہ ہے۔ بھٹو ازم کو مجھ سے زیادہ کسی اور نے قریب سے نہیں دیکھا۔ سانگھڑ میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا یہ سریا بیچنا جانتے ہیں حکومت کرنا نہیں جانتے ان کو سی پیک کی سمجھ ہے نہ چین کے ساتھ تعلقات کی۔ بی بی شہید کی شہادت پر ہم نے پاکستان کھپے کا نعرہ لگایا ملک کی ڈور بے وقوفوں کے ہاتھ میں ہے‘ کرکٹ کھیلنے اور ملک چلانے میں بہت فرق ہے۔ حکمرانوں کو جے آئی ٹی سے تکلیف ہے عمران خان بھی تکلیف میں ہیں پورے پاکستان میں پانی کا مسئلہ ہے۔ نیب ترقی کی راہ میں رکاوٹ ہے وقت آئے گا تو ہم ان کو بتائیں گے پورے سندھ میں شمسی پمپس لگائیں گے کوڑوں اور جیلوں سے نہ ڈرنے والے نیب سے کیا ڈریں گے میاں صاحب سے کہتا ہوں شیر بنیں آپ نے شیر کا نشان لیا ہے میاں صاحب آپ نے ہماری پیٹھ میں چھرا گھونپا آپ کے خلاف پہلے سازش ہوئی تو ہم نے ساتھ دیا میاں صاحب کو ملک چلانا نہیں آتا ہماری نقل کرتے ہیں لیکن نقل کیلئے بھی عقل کی ضرورت ہے‘ دیکھتے ہیں ان کے مقدمات میں کیا ہوتا ہے، جے آئی ٹی کا کیا ہوتا ہے آپ نے ہماری قدر نہیں کی ہمارے ہی دوستوں کو تنگ کرنا شروع کر دیا‘ بھٹو ازم کو 10 سال ہوگئے کوئی ایسی فورس نہیں جو 40 سال تک قائم رہی ہو‘ کتنی ہی مسلم لیگیں بنیں اور ٹوٹ گئیں‘ شہادت ہماری میراث ہے‘ میاں صاحب مجھے جیل میں چھوڑ گئے تھے میں 8 سال جیل میں رہا مشرف کے زمانے میں بھی جیل رہا‘ میاں صاحب خود تو ایک دن کیلئے بھی جیل جانے کیلئے تیار نہیں ہم چاہتے ہیں کہ جمہوریت 5 سال پورے کرے میں پیشیوں پر زیادہ بات نہیں کرتا‘ بی بی نے اپنے غم کو طاقت میں بدل کر آمر کا مقابلہ کیا ۔خود کو کمانڈر سمجھنے والا دبئی جا کر بیٹھ گیا ہے‘ دبئی میں اس کی تصویریں بڑی اچھی آ رہی ہیں لیکن وہ پاکستان میں بیمار ہوجاتا ہے‘ ہم کمانڈو نہیں لیکن جذبہ کمانڈو سے زیادہ ہے۔ کھپرو سے نامہ نگار کے مطابق آصف رزداری نے کہا ہے کہ نواز لیگ حکومت نے ہمیں تنگ کرنے کےلئے ہمارے پیچھے نیب لگا دی ہمارا قافلہ شہیدوں کاقافلہ ہے ہم آمریت سے نہیں ڈرے نیب سے کیوں ڈریں گے، نواز حکومت کو جے آئی ٹی کی بڑی تکلیف ہے جس کی وجہ سے اپنے ہی اداروں کو جھکانے کی کوشش کی جارہی ہے عمران خان کو کرکٹ کھیلنے کا تجربہ ہے سیاست میں وہ کھلاڑی ہیں ہے پیپلزپارٹی چالیس سالوں سے قائم دائم ہے کئی گندے انڈے آئے گئے کوئی فرق نہیں پڑتا ہم جمہوریت کو ڈی ریل ہوتا نہیں دیکھ سکتے نوازشریف بے نقاب ہو چکے ہیں اگر جمہوریت بچانا چاہتے ہیں تو نیا وزیراعظم منتخب کروا کے پانچ سال مکمل کریں۔ سابق صدر آصف علی زرداری سابق وزیر اعلیٰ سندھ قائم علی شاہ، اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ ،سرفراز راجڑ، شازیہ مری، علی حسن ہنگورجو، کے ہمراہ کھپرو میں پہنچے ۔ اس موقع پر بھاری پولیس کی نفری تعینات کی گئی شہر کے تمام خارجی و داخلی راستوں پر قائم کاروبار بند کروا کر راستے بھی سیل کر دئیے گئے جس سے عوام کو مشکلات کا سامنا بھی کرنا پڑا۔ جام نواز علی سے نامہ نگار کے مطابق پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری پی پی کے ایم پی اے جام مدد علی کی دعوت پر جام نواز علی پہنچے‘ ان کے ہمراہ اپوزیشن لیڈر سید خورشید شاہ‘ سابق وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ‘ سینیٹر عاجز دھامرہ‘ پیر آفتاب شاہ جیلانی اور جام کرم علی بھی تھے۔ آصف زرداری نے عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ہم 2018ءکا الیکشن جیت کر حکومت بنائیں گے میاں صاحب جب تک وزیراعظم ہیں ملک ترقی نہیں کرے گا۔ انہوں نے مزید کہاکہ جام خاندان سے ہمارے پرانے تعلقات ہیں بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کی رقم ڈبل کریں گے اور تھر کے غریب ہاریوں میں 45 ہزار ایکڑ زمین تقسیم کریں گے‘ تھر کے عوام کو پورا سال مفت گندم تقسیم کریں گے۔ انہوں نے جام نواز علی میں بند پڑے آغا خان اسپتال کی مرمت کر کے اسے فعال کرنے کا اعلان کیا اور اسے مرحوم جام نواز علی کے نام سے منسوب کرنے کا اعلان کیا۔
آصف زرداری