نیب عظیم مقصد کیلئے کام کررہا ہے:گورنر سرور
لاہور (سٹاف رپورٹر) گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا ہے کہ نیب ایک عظیم مقصد کے لیے کام کر رہا ہے۔ موجودہ حکومت بھی کرپشن کے خلاف زیرو ٹالرنس کی پالیسی پر عمل پیرا ہے۔ انہوں نے کہا کامیابی تب ملے گی جب طاقتور کا احتساب پہلے اور کمزور کا بعد میں ہو گاان خیالات کا اظہار انھوں نے گذشتہ روزقومی احتساب بیورو لاہور کیجانب سے عالمی انسداد بدعنوانی ڈے کے حوالے سے الحمراء آرٹس کونسل لاہور میں ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں صوبائی کیبنٹ کے ممبران، پنجاب کی متعدد یونیورسٹیز کے وائس چانسلرز اور دیگر طبقہ ِ فکر سے تعلق رکھنے والی نامور شخصیات کے علاوہ طلباء کی بڑی تعداد نے شرکت کی تقریب کا آغاز تلاوت ِقرآنِ پاک سے کیا گیا جس کے بعد ڈائریکٹر جنرل نیب لاہور شہزاد سلیم نے تقریب کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 9 دسمبر پوری دنیا میں یومِ انسدادِ بدعنوانی کے طور پر منایا جاتا ہے جبکہ نیب پاکستان میں بد عنوانی کے خلاف سب سے اہم ادارے کے طور پر قائدانہ کردار ادا کر رہا ہے جو تین سطحی طریقہ کار پر مشتمل ہے جس میں آگاہی، تدارک اور انفورسمنٹ کی بنیاد پر اقدامات سرانجام دئیے جاتے ہیں۔جن کا بنیادی مقصد نئی نسل کی اصلاح و تربیت کے علاوہ بدعنوانی کے خلاف شعور اجاگر کرنا ہے۔بدعنوانی و کرپشن کو کسی بھی ملک و قوم کیلئے ایسا ناسور تصور کیا جاتا ہے جو پھیل جائے توکم و بیش پورا معاشرہ تباہی کے دہانے پر آ کھڑا ہوتا ہے اور بد قسمتی سے بڑے افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ یہ ناسور آج ہمارے معاشرے کو آلودہ کرنے میں کسی حد تک کامیاب بھی رہا ہے۔