گورنرسندھ سے آل پاکستان ریسٹورنٹس ایسوسی ایشن کے وفد کی ملاقات
کراچی(اسٹاف رپورٹر) گورنرسندھ عمران اسماعیل سے آل پاکستان ریسٹورنٹس ایسوسی ایشن کے وفد نے گورنرہاؤس میں ملاقات کی۔ وفد میں زبیر باویجہ ، شوکت علی ، وقاص عظیم ، اظہر سلطان،مسعود کالیہ، منصورباویجہ ، سعید قریشی اور شیخ تحسین شامل تھے۔ ملاقات میں لاک ڈاؤن کے باعث ریسٹورنٹس کی مشکلات ، ان میں کام کرنے والے افراد کی دشواریوں ، کورونا وائرس پر کنٹرول کے حکومتی اقدامات اور دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر گورنرسندھ نے کہاکہ کورونا وائرس سماجی رابطوں اوررش کے مقامات پر تیزی سے پھیلتا ہے اس لئے حکومت نے لاک ڈائون کے دورانیہ کو 14 اپریل تک بڑھادیا ہے لوگوں کو وائرس سے محفوظ رکھنے کے لئے لاک ڈاؤن پر عمل کرنا ہم سب کے مفاد میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کاروباری طبقہ کی مشکلات سے بخوبی آگاہ ہے اور ان مشکلات کے خاتمہ کے لئے باالترتیب اقدامات یقینی بنائے جارہے ہیں اس ضمن میں ریسٹورنٹس ایسوسی ایشن کے مسائل وفاقی حکومت سے متعلق ہیں انہیں متعلقہ اداروں کے علم میں لاؤں گا تاکہ اس انڈسٹری کی مشکلات کے ازالہ کی کوشش ہوسکیں۔وفد نے گورنرسندھ کو کرونا وائرس کے پیش نظر لاک ڈاؤن سے ہونے والے نقصانات ، ہاسپٹیلٹی انڈسٹری کے ملازمین کو تنخواہوں کی ادائیگی میں حائل رکاوٹوں سمیت دیگر مسائل سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ لاک ڈاؤن کے باعث انھیں بہت مشکلات کا سامنا کرناپڑرہا ہے۔