پی آئی اے لوگو کی'' ری برانڈنگ '' اچھاا قدام ہے، سردار مہتاب
اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی)وزیر اعظم کے مشیر برائے ہوا بازی سردار مہتاب احمد خان نے پاکستان انٹر نیشنل ایئر لائنز کی نئی لیوری (نشان )کا افتتاح کر دیا ۔ گزشتہ روز پی آئی اے اسلام آباد میں افتتاحی تقریب منعقد ہوئی۔وزیراعظم کے مشیر برائے ہوا بازی سردار مہتاب احمد خان مہمان خصوصی تھے۔سیکرٹری ایوی ایشن ڈویژن عرفان الہی، صدر اور سی ای ا و پی آئی اے مشرف رسول سیان،سی او او ضیاء قادر‘ سی سی او بلال منیر شیخ‘چیف ٹیکنکل آفیسر عامر علی سمیت پی آئی اے اور ایوی ایشن ڈویژن کے افسران کی بڑی تعداد موجود تھی۔چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈاکٹر مشرف رسول سیان نے پی آئی اے کارپوریٹ لک کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے بتا یا کہ پی آئی اے کے آفیشل لوگو کر تبدیل کر کے قومی جانور مارخور کی تصویر والا نیا لوگو بنایا گیا ہے‘پی آئی اے نیو کارپوریٹ لک میں سہولیات کے معیار کو اپ گریڈ کیا گیا ہے۔انہوں نے بتایا کہ پی آئی اے میں اندرونی اور بیرونی مشکلا ت اور چیلنجز کے باوجود پی آئی اے کو نئی بلندیوں تک پہنچانے کے لئے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔وزیر اعظم کے مشیر برائے ہوا بازی سردار مہتاب احمد خان نے پی آئی اے کی نیو کارپوریٹ لک کی تیاری پرپی آئی اے انتظامیہ کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ پی آئی اے لوگو کی'' ری برانڈنگ '' ایک اچھا قدم ہے‘ہماری اولین ترجیح ہے کہ پی آئی اے کو دنیا کی جدید ترین ایئر لائنوں کی صف میں شامل کریں۔ بیرون ملک پروازوں میں سروسز کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کیا جارہا ہے اور اس ضمن میں تمام صلاحیتیں بروئے کار لائی جارہیں ہیں۔