حکومت نے عوام کو ریلیف دینے کی بجائے آتے ہی چیزوں کی قیمتیں بڑھانا شروع کردی ہیں : سراج الحق
امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹرسراج الحق نے کہاہے کہ حکومت نے عوام کو ریلیف دینے کی بجائے آتے ہی چیزوں کی قیمتیں بڑھانا شروع کردی ہیں ۔ حیرانگی کی بات یہ ہے کہ ملکی تاریخ میں پہلی بار کسی حکومت نے آتے ہی گیس کی قیمتوں میں 46 فیصد اور بجلی کی قیمتوں میں فی یونٹ 2 روپے اضافہ کردیاہے ۔ بجلی اور گیس کی قیمتوں میں اضافے سے ہر چیز مہنگی ہو جاتی ہے ۔ یوریا کی بوری کی قیمت میں آٹھ سو اضافہ کر کے حکومت نے کسانوں اور چھوٹے زمینداروں کے لیے مشکلات پیدا کردی ہیں جس سے زراعت ترقی کی بجائے مزید تنزلی کی طرف جائے گی ۔ حکومت بجلی گیس اور کھاد کی قیمتوں میں اضافہ واپس لے کر پہلی قیمتیں بحال کرے اور اپنے منشور پر عمل کرتے ہوئے عوام کو مہنگائی اور غربت سے بچانے کی کوشش کرے ۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے بونیر میں اجتماع ارکان سے خطاب اور بعد ازاں میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی خیبر پی کے عبدالواسع بھی موجود تھے ۔ سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ پی ٹی آئی حکومت نے عوام سے کرپشن ، مہنگائی اور بے روزگاری ختم کرنے کے وعدے کیے تھے ، لیکن گیس اور بجلی کی قیمتوں میں موجودہ اضافہ نے عام آدمی کی پریشانیوں میں بے انتہا اضافہ کر دیا ہے ۔ ہم حکومت کے اس فیصلے کو مسترد کرتے ہیںاور حکومت سے توقع رکھتے ہیں کہ وہ اپنے اس فیصلے کو واپس لے کر عوام پر مہنگائی کا مزید بوجھ نہیں ڈالے گی ۔