تعلیم کو فروغ دینا حکومت کی اولین ترجیح ہے،گورنر سندھ
کراچی (وقائع نگار) گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان نے کہا ہے کہ تعلیم کے حصول کے بغیر ترقی کا خواب کبھی بھی شرمندہ تعبیر نہیں ہو سکتا ہے ، قوموں کی ترقی میں تعلیم کا کلیدی کردار رہا ہے ۔ انہوں نے کہا ہے کہ تیز ترین ترقی کے لئے عصرِ حاضر کے تقاضوں سے ہم آہنگ تعلیمی نصاب کو اپنانا وقت کی اہم ضرورت ہے اس ضمن میں حکومت ہر ممکن وسائل بروئے کار لارہی ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنر ہاﺅس میں کراچی انٹر میڈیٹ بورڈکے چیئر مین انعام احمد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ گورنر سندھ نے کہا کہ صوبہ میںزیادہ سے زیادہ تعلیم کو فروغ دینا حکومت کی اولین ترجیح ہے اس سلسلہ میں وزیر اعلیٰ سندھ بھی مصروف عمل ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ صوبہ میں ہر ایک کو زیور تعلیم سے آراستہ کرنا حکومت وژن ہے ، معیار تعلیم میں اضافہ سے ہی صوبہ میں تیز ترین ترقی ممکن ہو سکتی ہے ۔ گورنر سندھ نے چیئرمین کراچی انٹر میڈیٹ بورڈ کو ہدایت کی کہ انٹر میڈیٹ بورڈ میں جدید اصلاحات اور نتائج کی شفافیت کے لئے موئثر اقدامات اٹھائے جائیں ۔