حکمرانوں کو کلین چٹ مل جائیگی‘ پانامہ کیس کا جنازہ اٹھتا نظر آ رہا ہے : طاہر القادری
لاہور (آن لائن) عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا ہے حکمرانوں نے پانامہ کیس میں7 ماہ گزر لئے ،پانامہ کا جنازہ اٹھتا نظر آ رہا ہے ۔ تحریک قصاص برقرار رہے اس کی ٹائمنگ طے کریں گے ۔ واپسی کا ٹکٹ حاصل کر لیا ۔پانامہ کیس کے حوالے سے نواز شریف اور پی ٹی آئی کے وکیل ایک ہی لاء فرم کے پارٹنر ہیں جو فیس ملے گی دونوں میں تقسیم ہو گی۔ ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ احتساب کے متعلق رائے قائم کرنا کچھ مشکل نہیں۔ اس ملک میں پہلے بھی بہت کمشن بنے نتیجہ کچھ نہیں نکلا۔ سانحہ ماڈل ٹائون کمشن کامعاملہ بھی انتہائی قریب سے دیکھا ایسے کمشنوں کے فیصلے حکمرانوں کی خواہش اور مرضی سے منسلک ہوتے ہیں۔ جسٹس باقر علی نجفی کے کمشن میں سانحہ ماڈل ٹائون کا ذمہ دار حکومت پنجاب کو ٹھہرایا گیا مگر رپورٹ نہیں ملی، ہم قانونی جنگ لڑ رہے ہیں۔میرا خیال ہے حکمرانوں کو کلین چٹ مل جائے گی کیونکہ پاکستان میں بے رحم احتساب اور حکمرانوں کے محاسبے کا کوئی قانون ہی موجود نہیں۔ انہوں نے کہاکہ تحریک قصاص کا دوسرا رائونڈ ہو گا ،ہمارا کارکن پہلے کی طرح پر عزم اور سانحہ ماڈل ٹائون کے انصاف کیلئے پر اعتماد ہے۔ ورکرز کو بے وجہ مشکل میں نہیں ڈالنا چاہتا۔