آئیسکو: واپڈا اہلکاروں کی ملی بھگت سے کروڑوں روپے کے سینکڑوں ٹرانسفارمر چوری
اسلام آباد (راجہ عابد پرویز / خبرنگار) آئیسکو میں واپڈا اہلکاروں کی ملی بھگت سے کروڑوں روپے مالیت کے سینکڑوں ٹرانسفارمر چوری ہونے کا انکشاف ہوا ہے، واپڈا اہلکار کھمبوں پر لگے ٹرانسفارمر انتہائی چالاکی سے اتار کر غائب کر دیتے ہیں اور وہاں کا لوڈ قریبی ٹرانسفارمر پر ڈال دیتے ہیں، اکثر خراب ٹرانسفارمر ایک مرتبہ اتار کر پھر کبھی نہیں لگائے جاتے، ٹرانسفارمر چور مافیا سب ڈویژنز کے ملازمین پر مشتمل ہے جو کاغذات میں ایسا ہیرپھیر کرتا ہے جسے کوئی ثابت نہیں کر سکتا، چوری پکڑی جانے کے ڈر سے کچھ وارداتوں کی واپڈا اہلکار خود ہی ایف آئی آر درج کرا دیتے ہیں۔ لوڈ اپ گریڈ کرنے کے نام پر ہر سال درجنوں نئے ٹرانسفارمر لگائے جاتے ہیں۔ ذرائع کے مطابق یہ مکروہ دھندہ سب ڈویژن کے ایس ڈی او کی سرپرستی سے ہو رہا ہے سب ڈویژنوں کو سپلائی کئے جانے والے ٹرانسفارمروں اور موقع پر لگے ٹرانسفارمروں کا واپڈا کے پاس کوئی ریکارڈ نہیں۔ اسی طرح کا واقعہ اڈیالہ سب ڈویژن کے علاقے ڈیفنس روڈ پر ڈیڑھ سال قبل پیش آیا۔ نوائے وقت نے آئیسکو کے ترجمان چیف انجینئر فیاض حسین صدیقی سے بات کی تو انہوں نے اس بات کی تصدیق کی کہ سب ڈویژن میں لگے ٹرانسفارمر کی مجموعی تعداد معلوم کرنے کیلئے آئیسکو نے کبھی سروے نہیں کرایا۔ کسی ٹرانسفارمر کا لوڈ دوسرے پر ڈال کر اسے غائب کر دیا جاتا ہے اور بعد میں نیا ٹرانسفارمر لگانے کے لئے نئی فزیبلٹی بنائی جائے تو یہ غیر قانونی عمل ہے ایسا کرنے والے ایس ڈی او کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔