ڈی پی او حافظ آباد کی ایس ڈی پی اوز‘ ایس ایچ اوز سے میٹنگ ‘کرائم کا جائزہ لیا
حافظ آباد ( نمائندہ نوائے وقت) ڈی پی او حافظ آباد ڈاکٹر رضوان احمد خاں کی جانب سے اپنے عہدے کا چارج سنبھالتے ہی ضلع بھر کے ایس ڈی پی اوز اور ایس ایچ اوز سے میٹنگ،ضلع میں امن و امان اور کرائم کی صورت حال کا جائزہ لیا، پولیس افسران اپنے فرائض نیک نیتی اور محنت سے سرانجام دیں۔ ڈی پی او حافظ آباد ڈاکٹر رضوان احمد خاںتفصیلات کے مطابق ڈی پی او حافظ آباد ڈاکٹر رضوان احمد خاں نے اپنے عہدے کا چارج سنبھالتے ہی ضلع بھر کے ایس ڈی پی اوز اور ایس ایچ اوز سے میٹنگ کی۔ میٹنگ کے دوران انہوں نے ضلع کے امن و امان اور کرائم کی صورتحال کا جائزہ لیا۔ ڈی پی او حافظ آباد کا کہنا تھا کہ عوام کے جان و مال کی حفاظت اولین ترجیح ہے، تھانوں میں میرٹ کی بنیاد پر انصاف کی فراہمی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا اور تفتیش کو میرٹ کی بنیاد پر یکسو کیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ پولیس افسران اپنے فرائض کو نیک نیتی اور محنت سے سرانجام دیں۔ ڈی پی او حافظ آباد ڈاکٹر رضوان احمد خاں نے کہاکہ ایس ایچ اوز اپنے اپنے علاقوں میں قبضہ مافیہ گروپوں اورمنشیات فروشوں کے خلاف جاری مہم کو مزید تیز کردیں اورمنشیات کا مکروہ دھندہ کرنیوالوں کے خلاف بلاامتیاز کاروائیوں کا سلسلہ جاری رکھا جائے۔انہوں نے کہاکہ مجرمان اشتہاریوں کے خلا ف گھیراتنگ کرتے ہوئے زیادہ سے زیادہ گرفتاریاں عمل میں لائی جائیں اور قتل، اقدام قتل،ڈکیتی،سرقہ بالجبر اور سنگین نوعیت کے مقدمات میں ملوث ملزمان کوٹریس کرکے پابند سلاسل کیا جائے۔انہو ں نے پولیس افسران کو تنبہیہ کرتے ہوئے کہاکہ ضلع کے داخلی وخارجی راستوں پر پولیس پوائنٹس کو فعال کریں اورناکہ بندی کے ذریعے تلاشی کے عمل میں مزید تیزی لائیں۔انہوں نے مزید کہاکہ تھانوں میں آنے والے سائلین کی بھر پور داد رسی کرنا ایک اچھے پولیس آفیسر کے اوصاف ہوتے ہیں۔ انہوں نے پولیس افسران سے مخاطب ہوتے ہوئے کہاکہ محکمہ پولیس کے وقارکے لیے رزق حلال عین عبادت کے اصول کو اپنائیں۔